کراچی میں اب تک کتنی بارش ہوئی؟ محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کردیے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی میں 62 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
کراچی میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ہفتے کو بارش متوقع تھی لیکن یہ بارش اتنی تیز ہوگی اس کا اندازا نہیں تھا۔
دن میں موسم خوشگوار تو تھا ہی پر 8 بجے کے بعد جو بادل برسے تو پھر برستے ہی گئے۔
کراچی کا کوئی علاقہ نہیں جہاں موسلادھار بارش نہ ہوئی ہو، اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی میں 62 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
کراچی ایئرپورٹ 41 اعشاریہ8 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 33 اعشاریہ 6، یونیورسٹی روڈ پر 29 اعشاریہ 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ناظم آباد میں 23 اعشاریہ 5 ملی میٹر اور گلشن معمار میں 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والے بادل بلوچستان کی ساحلی پٹی سے کراچی میں داخل ہوئے۔
بارش کا سلسلہ مزید جاری رہ سکتا ہے ، شہر کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
بارش کا اسپیل دوبارہ بھی آسکتا ہے ، طاقتور تھنڈر سیلز کے باعث زیادہ گرج چمک کا امکان ہے، شہری محتاط رہیں۔