کراچی ایئرپورٹ پر جاپان کے تعاون سے نصب کیا گیا مصنوعی ذہانت کا جدید سسٹم غیرفعال ہوکر رہ گیا ہے۔
مطلوب ملزمان کی نشاندہی کے لیے ایف آر ایس سسٹم سے عملی طور پر استفادہ نہیں لیا جا رہا ہے، یہ سسٹم چند سال قبل جاپان کی جانب سے عطیہ کیا گیا تھا۔
پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے مطلوب ملزمان کا مکمل ڈیٹا بھی سسٹم میں اندارج کے لیے تاحال فراہم نہیں کیا گیا۔
ایف آئی اے کے پاس افرادی قوت کی کمی بھی سسٹم کی مکمل فعالیت کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
فیس ریگنیشن سسٹم تنصیب کے بعد مانیٹرنگ روم سمیت ایف آئی اے کے زیرِانتظام کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق سسٹم میں بین الاقوامی روانگی کے انٹری گیٹ اور مختلف حصوں میں جدید کیمرے نصب کیے گئے تھے۔
مطلوب ملزمان کے ٹرمینل میں داخلے کے ساتھ ہی ایف آر ایس میں موجود تصاویر کی مدد سے ملزمان کی نشاندہی کرنا ممکن ہے۔
مانیٹرنگ روم میں موجود ڈیوٹی اہلکار کی نشاندہی پر ملزم کی حراست یقینی بنائی جاتی ہے، افتتاح کے کئی ماہ بعد سسٹم کا آپریشن روم بند رہا پھر ایک سال قبل سسٹم آن کیا گیا تو ڈیٹا نہ ہونے کی وجہ سے مطلوبہ استفادہ نہیں لیا جا رہا۔