وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فچ کی درجہ بندی میں بہتری خوش آئند ہے مگر ہمیں مزید محنت کرنی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم سے ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس کے 7 رکنی وفد نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی، احد خان چیمہ، سید توقیر شاہ، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
اس دوران وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ایسوسی ایشن سے تعاون اور مستقبل کے لائحہ عمل کےلیے مذاکرات کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے دوران گفتگو کہا کہ افرادی قوت کو بین الاقوامی معیار کے ہنر سے لیس کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورننس کی بہتری کےلیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن سرکاری شعبے کے ہر منصوبے کا بنیادی جزو ہے، حکومتی کارکردگی اور گورننس کی بہتری حکومت کے ترجیحی اہداف میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ فِچ کی جانب سے درجہ بندی میں بہتری خوش آئند ہے مگر ہمیں مزید محنت کرنی ہے، حکومت ایسوسی ایشن کی جانب سے حکومتی اداروں کی استعداد بڑھانے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔