• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحفہ ملنے پر خواجہ نافع نے شاہین شاہ آفریدی کا شکریہ ادا کر دیا


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے خلاف شاندار بیٹنگ کرنے والے خواجہ نافع نے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کا شکریہ ادا کر دیا۔

گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خواجہ نافع نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی 31 گیندوں پر مشتمل اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

میچ کے بعد لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے شاندار بیٹنگ پر اپنا بیٹ خواجہ نافع کو بطور تحفہ پیش کیا۔

کپتان شاہین شاہ آفریدی سے بلے کا تحفہ وصول کرنے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خواجہ نافع نے ویڈیو پیغام جاری کرکے ان کا شکریہ ادا کیا۔

ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے خواجہ نافع نے کہا کہ ’شاہین آفریدی نے اس اننگز میں مجھے یہ بیٹ گفٹ دیا، ان کا شکریہ ، امید ہے آئندہ بھی اس طرح کی اننگز کھیلتا رہوں گا‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل 9 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 188 رنز کا ہدف دیا تھا جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرکے لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دی۔