وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ایمرجنسی کے تحت اب صوبائی حکومت ختم ہوچکی ہے، صوبائی معاملات چلانے کےلیے 11 رکنی ایڈوائزری کمیٹی بنادی گئی ہے۔
وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تاڑ کا کہنا تھا کہ اب گورنر کو اختیار ہے کہ وہ وفاق کے تحت خیبر پختونخوا کا انتظام چلائیں۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ گورنر کے ماتحت 11 رکنی ایڈوائزری کونسل بنادی گئی ہے۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات عطااللّٰہ تارڑ نے بتایا کہ جو ٹیکنوکریٹ مقرر کیے گئے ہیں وہ شائننگ اسٹارز ہیں، ان میں کفایت اللّٰہ خان، طارق محمود پاشا، عامرجاوید اور ڈاکٹر عامر عبداللّٰہ ایڈوائزرز میں شامل ہیں۔
عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر سرفراز علی شاہ، ڈاکٹر محمد ارشاد، آصف رفیق آفریدی، طیب قریشی، عثمان سیف اللّٰہ خان اور ثمر ہارون بلور بھی ایڈوائزرز میں شامل ہیں۔
وزیر اطلاعات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر بھی ایڈوائرزی کونسل میں شامل ہیں۔
طارق محمود پاشا کو ایڈوائزر فنانس، عامر جاوید کو قانون، ڈاکٹر سید عامر عبداللّٰہ کو تعلیم، لیفٹیننٹ جنرل (ر) جوہر نگار کو صحت، ڈاکٹر سرفراز علی شاہ کو مائنز اینڈ منرل، ڈاکٹر محمد ارشاد کو صنعت و تجارت اور آصف رفیق آفریدی کو کمیونیکیشن اینڈ ورکس کا ایڈوائرز مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح طیب قریشی کو مذہبی امور، عثمان سیف اللّٰہ خان کو توانائی اور ثمر بلور کو اطلاعات و نشریات کا ایڈوائزر بنایا گیا ہے۔