• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لبنیٰ آصف، ملیر ہالٹ، کراچی

اگرچہ نئے آلو موسمِ سرما کے آغاز میں آتے ہیں، جو ذائقے میں تو لاجواب ہوتے ہی ہیں، غذائیت میں بھی بھرپور ہوتے ہیں۔ غذائی ماہرین کے مطابق آلوؤں میں وٹامن بی۔ 6، وٹامن بی۔3 ، کیلشیم، فائبر وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ نیز، ان میں میں پایا جانے والا پوٹاشیم بھی پٹّھوں کے لیے بے حد مفید ثابت ہوتا ہے۔ اسی لیے عموماً کم زور بچّوں کو آلو زیادہ کھلائے جاتے ہیں، لیکن آلو نئے ہوں یا پرانے ہمارے یہاں اِن کا استعمال بےحد عام ہے۔ 

آلوؤں سے متعلق کہا جاتا ہے، یہ واحد سبزی ہے، جو ہر جگہ فٹ ہوجاتی ہے اور حقیقتاً بھی ایسا ہی ہے۔ دیگر مختلف سبزیوں کے ساتھ اس کی ہم آمیزی تو ایک طرف، خود آلوؤں سے ایک سے بڑھ کر ایک ڈش اور اسنیکس بھی بآسانی تیار کیے جاسکتے ہیں۔ اِن دنوں، انڈوں کی قیمت تو آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ روزانہ ناشتے میں پراٹھوں کے ساتھ، اہلِ خانہ کو کیا دیں، کتنے انڈے تلیں، خواتینِ خانہ کے لیے یہ کوئی چھوٹا مسئلہ نہیں۔ 

اسی لیے وہ رات ہی میں آلو ابال کر، چھیل کے ائیر ٹائٹ ڈبّے میں رکھ دیتی ہیں کہ صبح یہی آلو بچّوں کے لنچ اور میاں کے ناشتے کا سامان بنیں گے۔ تو چلیں، آج ہم آپ کو ناشتے اور لنچ کے لیے آلوؤں ہی سے تیار کردہ کچھ سادہ، آسان،منفرداورجھٹ پٹ سی تراکیب بتاتے ہیں، جن سے نہ صرف آپ کی زندگی آسان ہوگی، کسی حد تک مختلف ذائقوں کے سبب میاں، بچّے بھی بہت خوش ہو جائیں گے۔

کھٹّے آلو

اجزاء:۔ آلو (اُبلے اور پیسز میں کٹے ہوئے) زیرہ، چاٹ مسالا، نمک، کیچپ، تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب:۔ فرائنگ پین میں دوچمچ تیل اور زیرہ کڑکڑائیں اور آلو (جتنےضرورت ہوں، بچّوں کے لنچ بکس کے مطابق) ڈال کر بُھونیں۔ پھر چاٹ مسالا، نمک اور کیچپ ڈال کر تھوڑا سا مزید بھونیں اور ڈھک کر دو منٹ رکھ دیں۔ لذیذ کھٹّے آلو تیار ہیں۔

فرینچ فرائز

اجزاء:۔ اُبلے ہوئے آلو (ذرا بڑے سائز کے)، کارن فلور، نمک، کالی مرچ پاؤڈر، چکن پاؤڈر حسبِ ضرورت، تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب:۔ ابلے ہوئے آلوؤں کو فرائز کی شکل میں لمبا لمبا کاٹیں اور پھر تھوڑا کارن فلور، نمک، کالی مرچ پاؤڈر، چکن پائوڈر ڈال کر چھلنی میں ہلائیں۔ اس کے بعد ڈیپ فرائی کرکے خستہ خستہ لنچ میں دیں۔

آلو کی بُھجیا

اجزاء:۔ اُبلے ہوئے آلو، کالی مرچ پاؤڈر، نمک، تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب:۔ اُبلے ہوئے آلو جس شکل میں چاہیں، کاٹ لیں۔ تین کھانے کے چمچ تیل، چار آلوؤں کے لیے کافی ہوتا ہے۔ تیل کڑکڑائیں اور اُس میں آلو ڈال کر خُوب بُھونیں۔ پھرچمچہ چلاتے ہوئے کالی مرچ اور نمک ڈال کر دومنٹ میں چولھے سے اتارلیں۔ آلو ہلکے فرائی کرنے ہیں، تاکہ نرم ہی رہیں۔ لیجیے، پراٹھوں کے ساتھ کھانے کے لیے مزے دار بُھجیا تیار ہے۔

آلو کا پلیلا

اجزاء:۔ اُبلے ہوئے آلو تین سے چار عدد، ثابت مرچ چارعدد، رائی آدھا چائے کا چمچ، کلونجی چٹکی بھر، کڑی پتاچھے سے سات عدد، کُٹی ہوئی مرچ، ہلدی، نمک، تیل حسبِ ضرورت ۔ گارنشنگ کے لیے ہرا دھنیا اور ہری مرچیں۔

ترکیب:۔ آلوؤں کو میش کرلیں۔ پتیلی میں تیل ڈالیں اور ثابت مرچ، رائی، کلونجی اور کڑی پتّے ڈال کر آلوئوں کا بھرتا بھی شامل کردیں۔ خوشبو آنے تک بھونیں، پھرکُٹی ہوئی مرچ اور ہلدی بھی ڈال دیں اورآدھا کپ پانی شامل کر کے دھیمی آنچ پر چھوڑ دیں۔ سرو کرتے ہوئے ہری مرچ اور ہرا دھنیا اوپر سے ڈالیں۔

آلو چاٹ

اجزاء:۔ دہی ایک پاؤ، ابلے ہوئے آلو تین سے چارعدد، چنا چاٹ مسالا، نمک حسبِ ضرورت۔

ترکیب:۔ دہی میں اپنے اندازے سے پانی، نمک اور چاٹ مسالا ڈال کے (جیسا دہی بڑوں کے لیے تیار کیا جاتا ہے) خُوب پھینٹ لیں۔ چاہیں تو ہری چٹنی بھی شامل کر سکتی ہیں۔ اب اُبلے ہوئے آلو باریک ٹکڑوں میں کاٹ کر شامل کردیں۔

آلو کے کباب

اجزاء:۔ ابلے ہوئے آلو ایک کلو، چنے کی دال آدھا کپ (توے پر سوندھی سی بھون کر گرائنڈر میں پائوڈر کرلیں)، لہسن، ادرک کا پیسٹ آدھا کھانے کا چمچ، ایک لیموں کا رس، کُٹی ہوئی لال مرچ، پِسی ہوئی لال مرچ، ہری مرچ، چاٹ مسالا، نمک، ہرا دھنیا، پودینا حسب ضرورت۔

ترکیب:۔ آلوؤں کو ایک بڑے برتن میں میش کرکے پِسی ہوئی چنے کی دال (یہ چنے کی دال، آلو کا پانی خشک کردیتی ہےاور بہت ہی خستہ کباب بنتے ہیں) اور تمام مسالے ڈال کر مکس کرلیں۔ تلنے کے لیے توے پر تیل گرم کریں، پھر کباب ڈال کر پہلےایک طرف سے گولڈن کرکے پلٹیں، پھرآنچ کم کرکے دوسری طرف کلر آنے دیں۔ 

یاد رہے(شروع میں آنچ کم رکھنے سےآلو کا کباب نرم ہوجاتا ہے)۔ یہ کباب ناشتے اور لنچ میں دال، چاول کے ساتھ بھی مزہ دیتے ہیں اور اِنھیں آپ ٹکیاں بنا کر پندرہ سے بیس دن تک فریزر میں فریز بھی کرسکتی ہیں۔

آلو، سوئے کی بھجیا

اجزاء:۔ آلوایک کلو، چھیل کر گول گول کاٹ لیں۔ ہری مرچیں چودہ سے پندرہ عدد، لہسن چھے جوے، ہری مرچ اور لہسن کو موٹا موٹا گرائنڈ کرلیں۔ نمک حسب ضرورت، پیاز ایک عدد، ٹماٹر دو عدد(کاٹ لیں) مٹر چِھلے ہوئے ایک پیالی، سویا ایک گڈی (کاٹ کر دھولیں)تیل آدھی پیالی۔

ترکیب:۔ تیل گرم کرکے پیاز کاٹ کر ڈال دیں، نرم ہوجائیں تو لہسن اور ہری مرچ کا پیسٹ ڈال کر، پانی کا چھینٹا دے کے دس منٹ بھونیں۔ پھر آلو، ٹماٹر، نمک ڈال کر مزید بھونیں۔ پانی خشک ہونے پرآدھا کپ پانی ڈال کر دھیمی آنچ پر چھوڑ دیں۔ تیل اوپر آنے پر سویا اور دوتین ہری مرچ کاٹ کر ڈال دیں اور چولھا بند کردیں۔ ڈھکن آدھا کھلا رکھیں، اِس طرح سویا کالا نہیں پڑے گا۔

(نوٹ: اجزاء کے لیے زیادہ حساب کتاب کے چکر میں اس لیے نہیں پڑے کہ عموماً خانہ دار بہنیں دن رات کھانے پکا پکا کر طاق ہوچُکی ہوتی ہیں، تو وہ اپنے حساب سےخود مینیج کرلیتی ہیں۔)