کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘‘ میں میزبان نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کے بعد بڑی پیشرفت ہوئی ہے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے وزیراعظم شہباز شریف کا رابطہ ہوا ہے اور وزیراعظم نے ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا وزیراعظم نے ایران اسرائیل بحران کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں ہر امن کی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ ایران اسرائیل کے درمیان جنگ جاری ہے۔ اس ساری صورتحال میں جمعہ کی نماز کے بعد بڑی تعداد اسرائیلی جارحیت کے خلاف نکل آئی اور تہران اور شیراز سمیت ہزاروں افراد ایران کی حکومت سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکل آئے اور ان لوگوں کے ہاتھوں میں امام خمینی اور خامنہ ای کی تصاویر تھیں۔ ایرانی صدر نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہم نے ہمیشہ امن چاہا ہے لیکن موجودہ صورتحال میں مسلط کردہ جنگ کے خاتمے کا واحد راستہ دشمن کی جارحیت کا غیر مشروط خاتمہ اور صیہونی دہشت گردوں کے ایڈونچرز کو ختم کرنے کی یقینی ضمانت ہوگی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر جنگ مسلط کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ان کی ملاقات جینوا میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے سے ملاقات بھی ہوئی ہے۔ امریکہ نے مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی میں اضافہ کردیا ہے ۔