• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عام انتخابات کا منظم انداز میں انعقاد، جاپان کی پاکستان کو مبارکباد

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

جاپانی حکومت نے پاکستان میں انتخابات کے نتائج پر اطمینان اور جمہوریت کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

جاپانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے عام انتخابات کی نگرانی کے لیے جاپان کی جانب سے بھی جائزہ مشن بھیجا گیا تھا جس کی سربراہی پاکستان میں مقیم جاپانی سفیر متسوہیرو وادا کررہے تھے جبکہ مشن میں جاپانی وزارت خارجہ کے دیگر ممبران بھی شامل تھے، جنہوں نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کاجائزہ لیا۔

جاپانی وزارت خارجہ کی رپورٹ کے مطابق جاپانی سفیر کی سربراہی میں جائزہ مشن نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں پولنگ کا جائزہ لیا، جس کے مطابق عام انتخابات کا انعقاد منظم انداز میں قائدے اور قانون کے مطابق ہوا۔

جاپانی حکومت نے منظم اور پُر امن انداز میں انتخابات کے عمل کو یقینی بنانے پر پاکستان کو مبارک باد پیش کی۔

دوسری جانب بعض اطلاعات کے مطابق الیکشن کے موقع پر بد نظمی اور تشدد کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ اس حوالے سے بھی حکومت جاپان متاثرہ افراد کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ 

اسی طرح انہیں الیکشن میں بعض قوتوں کی جانب سے اثر انداز ہونے اور انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ 

تاہم جاپان، پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کی بنا پر امید کرتا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں جمہوریت اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور جاپان پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے اپنی خدمات اسی طرح فراہم کرتا رہے گا۔

خاص رپورٹ سے مزید