کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے لاپتا اور بازیاب ہونے والے بہن بھائیوں کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں بچوں کو ان کی بڑی خالہ کے گھر منتقل کر دیا گیا، گھر پر لیڈی پولیس بھی تعینات کردی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کو صبح عدالت میں پیش کیا جائے گا اور عدالتی فیصلے کی روشنی میں بچوں کی حوالگی مکمل کی جائے گی۔
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ سے 2 کم عمر بہن بھائی مبینہ طور پر لاپتہ ہوئے تھے، بچوں کی والدہ کا مؤقف تھا کہ بچے رات 11 بجے برگر لینے نکلے تھے کہ اب تک واپس نہیں آئے تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بچوں کی والدہ شمائلہ ناز نے دونوں بہن بھائیوں کی واپسی کی سوشل میڈیا پر تصدیق کردی۔
اپنے بیان میں والدہ شمائلہ ناز کا کہنا تھا کہ جو لوگ بچوں کو لے کر گئے تھے وہی حیدری میں چھوڑ کر گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ شوہر سے 9 سال پہلے علیحدگی ہوچکی ہے، شوہر نے دوسری شادی کرلی ہے۔ وہ دبئی شفٹ ہوگئی ہیں، بچوں کو تعلیم کے سلسلے میں والدہ کے پاس چھوڑا ہوا تھا۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق بچوں کی کسٹڈی کے لیے والدین میں تنازع چل رہا ہے، واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔