• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کا کیس اغوا کا تھا، پولیس نے اسے کہیں اور موڑ دیا، والدہ

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے کے بعد ملنے والے دونوں بچوں کی والدہ کا ویڈیو بیان سامنے آگیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں بچوں کی والدہ شمائلہ ناز کا کہنا ہے کہ کیس اغوا کا تھا، پولیس نے اسے کہیں اور موڑ دیا۔

 والدہ کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں بچوں سے جو کہلوایا جا رہا ہے، ایسا کچھ نہیں، بچوں پر اس پورے وقت میں تشدد کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ سے 2 کم عمر بہن بھائی مبینہ طور پر لاپتہ ہوئے تھے، بچوں کی والدہ کا مؤقف تھا کہ بچے رات 11 بجے برگر لینے نکلے تھے کہ اب تک واپس نہیں آئے تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے بعد  بچوں کی والدہ شمائلہ ناز نے دونوں بہن بھائیوں کی واپسی کی سوشل میڈیا پر تصدیق کردی۔

اپنے بیان میں والدہ شمائلہ ناز کا کہنا تھا کہ جو لوگ بچوں کو لے کر گئے تھے وہی حیدری میں چھوڑ کر گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ شوہر سے 9 سال پہلے علیحدگی ہوچکی ہے، شوہر نے دوسری شادی کرلی ہے۔

شمائلہ ناز نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ دبئی شفٹ ہوگئی ہیں، بچوں کو تعلیم کے سلسلے میں والدہ کے پاس چھوڑا ہوا تھا۔

دوسری جانب پولیس کے مطابق بچوں کی کسٹڈی کے لیے والدین میں تنازع چل رہا ہے، واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید