شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ مذکورہ آپریشن 17 اور 18 مارچ کی درمیانی شب کیا گیا۔
آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشت گرد کمانڈر صحرا عرف جانان بھی شامل ہے۔
دہشت گرد صحرا عرف جانان 16 مارچ کو میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر ہوئے حملے میں ملوث تھا۔
ہلاک دہشت گرد کمانڈر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔