کراچی میں سمندر میں کودنے والے نوجوان اور پانی کی لائن میں گرنے والی بچی کی لاشیں نکال لی گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق 2 روز قبل نیٹی جیٹی کے پل سے سمندر میں چھلانگ لگانے والے نوجوان کی لاش نکال لی گئی ہے۔
نیٹی جیٹی پل سے کودنے والے نوجوان شاہزیب کی تلاش کا کام گزشتہ رات روک دیا گیا تھا۔
اہلِ خانہ کے مطابق نوجوان شاہزیب کئی دنوں سے اسپتال میں زیرِ علاج تھا، جو بیماریوں کے باعث پریشان تھا۔
دوسری جانب 2 روز قبل کراچی کے علاقے گھگھر پھاٹک کے قریب پانی کی مین لائن میں گرنے والی بچی کی لاش بھی نکال لی گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ریسکیو آپریشن میں پاک بحریہ کے غوطہ خور، ریسکیو رضا کاروں اور واٹر کارپوریشن کی ٹیم نے حصہ لیا۔
ایکسیئن واٹر کارپوریشن کے مطابق بچی کی لاش وقوعہ سے 2 کلو میٹر دور پانی کی لائن سے ملی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بچی کی تلاش کے باعث اتوار سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی سپلائی بند تھی۔
ایکسیئن واٹر کارپوریشن نے بتایا کہ سپلائی بند ہونے کے باعث بن قاسم، فیوچر کالونی اور بھینس کالونی کے علاقے متاثر ہوئے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بچی کی لاش ملنے کے بعد پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔