• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان المبارک کے دوران روزے دار سحری سے افطار تک بُھوکے پیاسے رہتے ہیں، لیکن ماہِ شوال کا چاند نظر آتے ہی کھانے پینے کی یہ پابندی یا طویل وقفہ ختم ہو جاتا ہے اور اگلے روز اہلِ اسلام عید الفطر مناتے ہیں۔ اس موقعے پر عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لیے دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے اور انواع و اقسام کے کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی جاتی ہے۔ 

گرچہ عید کے پُرمسرّت موقعے پر لذیذ، ذائقے دار پکوانوں سے لطف اندوز ہونے میں کوئی مضائقہ نہیں، مگر اس دوران یہ بات بھی پیشِ نظر رہے کہ ماہِ رمضان کے دوران کم و بیش 14گھنٹے بُھوکا پیاسا رہنے کے سبب ہمارے معدے کو آرام اور جسم کو قدرتی طور پر زہریلے اجزا سے پاک کرنے کا موقع ملتا ہے اور جب ہم عید الفطر پر اچانک بسیار خوری شروع کر دیتے ہیں، تو پورا ہمارا نظامِ ہاضمہ خراب ہو جاتا ہے۔ 

نتیجتاً، ہم اسہال سمیت معدے کے دیگر امراض میں مبتلا ہو جاتے ہیں، کیوں کہ ماہِ صیّام کے دوران ہمارا معدہ ایک معیّنہ وقت پر کھانے کا بوجھ اُٹھانے کا عادی ہو جاتا ہے۔ لہٰذا، ہمیں عیدالفطر کے موقعے پر خاص طور پر کھانے پینے میں احتیاط برتنی چاہیے اور اعتدال کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ہاں، البتہ عید کے ایّام میں جسم سے پانی کی کمی دُور کرنے کے لیے خُوب پانی پئیں اور پھلوں، سبزیوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ کیوں کہ پھلوں میں موجود قدرتی مٹھاس نہ صرف جسم میں شکر کی طلب کم کرتی ہے بلکہ توانائی بھی فراہم کرتی ہے۔ نیز، فرحت و تازگی کا احساس بھی دلاتی ہے۔ یاد رہے کہ کھانے پینے کا مقصد صرف پیٹ بھرنا یا زبان کا چٹخارہ ہی نہیں، بلکہ جسم کو توانائی کی فراہمی بھی ناگزیر ہے۔

عموماً عیدین پر گھروں میں انواع و اقسام کے پکوان تیار کیے جاتے ہیں، جن میں مرغّن غذائیں اور مختلف اقسام کے مشروبات شامل ہوتے ہیں اور ان کا حد سے زیادہ استعمال مضرِ صحت ثابت ہو سکتا ہے۔ میڈیکل سائنس کی رُو سے ایک عام فرد کو یومیہ 50گرام گوشت کھانا چاہیے۔ تاہم، گوشت کا زیادہ استعمال کولیسٹرول اور یورک ایسڈ میں اضافے اور بلند فشارِ خون سمیت امراضِ قلب کا سبب بن سکتا ہے۔ اسی طرح جَنک اور فاسٹ فوڈ بھی مضرِ صحت ہے۔ عید کے موقعے پر کولڈ ڈرنکس سے پرہیز کریں اور ان کی بہ جائے تازہ پھلوں اور سبزیوں کا جوس پئیں۔ 

نیز، کھانا پیٹ بَھر کر نہ کھائیں اورخصوصاً عید کے دنوں میں بلڈ پریشر، ذیابطیس اور معدے کے امراض میں مبتلا افراد کھانے پینے میں خاص احتیاط برتیں۔ کھانا اعتدال سے اور اچّھی طرح چبا کر کھائیں اور متوازن غذا کے اصول کو پیشِ نظر رکھیں۔ اگر طبیعت میں گرانی اور نظام ہاضمہ میں خرابی محسوس ہو، تو پودینے، ادرک اور سبز الائچی کا قہوہ استعمال کریں۔ اُمید ِ واثق ہے کہ اگر عید کے ایّام میں آپ نے کھانے پینے کے دوران مذکورہ بالا احتیاطی تدابیر اختیار کیں، بد پرہیزی سے اجتناب برتا، تو ان شاء اللہ تعالیٰ آپ کا نظامِ ہاضمہ ٹھیک اور آپ تن درست رہیں گے۔

سنڈے میگزین سے مزید