• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وساکھی میلہ آج، 3 ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کی واہگہ کے راستے پاکستان آمد

لاہور(خصوصی رپورٹر)سکھ مذہب کے تہوار وساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے تین ہزار سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے، صوبائی وزراءرمیش سنگھ اروڑہ اور بلال اکبر خان ، ایڈیشنل سیکرٹری رانا شاہد سلیم و دیگر استقبال کرنے والوں میں شامل تھے۔ سکھ یاتریوں کو پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی نے 10 روز کا ویزہ جاری کیا ہے جبکہ بھارتی سکھ یاتری گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب، گورودوارہ سچا سودا، گورودوارہ دربار صاحب کرتار پور کی یاترا کریں گے جبکہ سکھ یاتری متعدد ٹرینوں کے ذریعے گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال جائیں گے جدھر وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب آج اتوارکو ہو گی۔ اسکے علاوہ بھارتی سکھ یاتری گورودوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد، گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب لاہور میں بھی ماتھا ٹیکیں گے۔سکھ یاتری 22اپریل کو اپنی 10روزہ یاترا مکمل کرنے کے بعد واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ سکھ یاتریوں کو قیام وطعام، ٹرانسپورٹ، میڈیکل کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران اور سکیورٹی عملہ دن رات یاتریوں کی خدمت میں مصروف رہیں گے ۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے شٹل بس سروس کے افتتاح کے بعد کہا کہ سکھ یاتریوں کو واہگہ چیک پوسٹ سے واہگہ ریلوے اسٹیشن لے جانے کے لئے بس شٹل سروس کا باضابطہ طور پر افتتاح کر دیا گیا ہے۔ واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی جتھ لیڈر کلونت سنگھ اور ڈپٹی پارٹی لیڈر امرجیت سنگھ نے حکومت پاکستان اور متروک وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔
لاہور سے مزید