• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی تیزی سے کم ہو کر دو برس کی کم ترین سطح پر آگئی، اسٹیٹ بینک

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میںگذشتہ ایک سال کے دوران مہنگائی تیزی سے کم ہو کر مارچ 2024ء میں دوبرس کی کم ترین سطح20.7 فیصد پر آ گئی ہے جو مئی 2023ء میں 38فیصد کی بلند سطح پر تھی،بیرونی شعبہ بھی مستحکم ہو گیا ہے ، جس کی عکاسی جولائی تا فروری مالی سال 24ء کے دوران جاری کھاتے کے خسارے کے تیزی سے کم ہو کر ایک ارب ڈالر پر آنے سے ہوتی ہے جو گذشتہ برس کی اسی مدت میں 3.8 ارب ڈالر تھا۔

ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق ان خیا لات کا اظہارگورنر اسٹیٹ بینک نے واشنگٹن ڈی سی میں بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی بہتر معاشی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا.

ترجمان کے مطابق گورنر جمیل احمد نے واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف ورلڈ بینک کے موسم بہار کے اجلاسوں کے موقع پر جے پی مورگن، سٹی بینک اور جیفریز سمیت سرفہرست عالمی بینکوں اور مالی فرموں کی جانب سے منعقد کی گئی متعدد تقریبات میں اہم بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے ملاقات کی۔ 

گورنر اسٹیٹ بینک نے شریک افراد کو فراستی زری پالیسی، مناسب مالیاتی یکجائی کی اعانت اور اہم ساختی اصلاحات کے آغاز کے نتیجے میں گذشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کی معاشی صورت حال میں آنے والی خاصی بہتری کے متعلق آگاہ کیا۔

گورنر نے بتایا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں مہنگائی تیزی سے کم ہو کر مارچ 2024ء میں دوبرسوں کی کم ترین سطح20.7 فیصد پر آ گئی ہے جو مئی 2023ء میں 38 فیصد کی بلند سطح پر تھی۔

اہم خبریں سے مزید