• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

32 فیلڈ اسپتال آج سے پنجاب میں پھیل جائینگے، ادویات مفت ملیں گی

لاہور(نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کا افتتاح کردیا،پہلے مرحلے میں 32سے زائد چھوٹے بڑے فیلڈ ہسپتال فنکشنل کیے گئے،21لارج فیلڈ ہسپتال صوبے کے مختلف اضلاع میں علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کریں گے پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ 32 فیلڈ ہسپتال آج سےپنجاب بھر میں پھیل جائیں گے، ادویات مفت ملیں گی ، منصوبہ کامیاب بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، میں نے اور نواز شریف نے ایک خواب دیکھا تھا کہ لوگوں کو صحت کی سہولت گھر کی دہلیز پر میسر ہو آج وہ خواب پورا ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ 6 ہفتوں میں چاروں اطراف فیلڈ ہسپتال کھڑے کردیئے، فیلڈ ہسپتال دیہی علاقوں میں بھی پہنچیں گے، وہاں سہولت فراہم کریں گے جہاں کوئی ہسپتال نہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ فیلڈ ہسپتالوں میں او پی ڈی، حفاظتی ٹیکہ جات اور زچہ بچہ کی سہولت میسر ہو گی، لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی ہوں گی، ایمرجنسی کی صورت میں سرجری کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔ آج سے پہلے کنٹینرز صرف جلاؤ ، گھیرا ؤ اور بل پھاڑنے کیلئے استعمال ہوتے تھے، اب فیلڈ ہسپتالوں میں عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی ہو گی، فیلڈ ہسپتالوں میں وہ تمام سہولیات میسر ہوں گی جو ایک کلینک میں ہوتی ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ 32 فیلڈ ہسپتال آج پنجاب بھر میں پھیل جائیں گے، میری ویڈیوز پر تنقید کرنے والے کمروں سے نکل کر عوام کی خدمت کریں تاکہ ان کی بھی ویڈیوز بنیں ، یہ سب کچھ نواز شریف کا ویژن ہے میں تو ان کے نقش قدم پر چل رہی ہوں۔
اہم خبریں سے مزید