پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ کراچی میں ہم سے مینڈیٹ چھین کر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو تھمادیا گیا۔
پی ٹی آئی ریلی کے شرکاء کے مزار قائد پہنچنے پر شیر افضل مروت نے خطاب کیا اور کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی روح بھی بے چین ہے کہ حکمرانوں نے ملک کا کیا حال کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ریلی روکنے کے لیے درجنوں پولیس کی گاڑیاں نکلی، ان سے کہتا ہوں آپ لوگ اسٹریٹ کرمنلز کو روکیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس کشکول پھیلا پھیلا کر ملکی شناخت کھو دی، عزت ہی پاکستانیوں کی ختم کردی۔
اُن کا کہنا تھا کہ مہنگائی، لوڈشیڈنگ، بدامنی ہی بس اس ملک میں رہ گئی ہے، قائد کی روح بھی بے چین ہوگی کہ یہاں کے حکمرانوں نے ملک کا کیا حال کردیا۔
شیر افضل مروت نے یہ بھی کہا کہ 40 سال سے دو خاندان باریاں تبدیل kiy جارہے ہیں، سزا ہم پاکستانیوں کو مل رہی ہے، بشریٰ بی بی کو پابند سلاسل کیا، اہلخانہ پر مقدمات کی بھرمار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ عدالتوں سے انصاف ملنے سے محروم ہوگیا ہے، پاکستان میں انصاف نہیں، ہم سے مینڈیٹ چھین کر ایم کیو ایم پاکستان کو تھمادیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 28 اپریل کو کراچی میں جلسہ عام کا اعلان کرتا ہوں، آپ لوگوں نے خان کے ساتھ کھڑے رہنا ہے۔