وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسٹریٹ کرائم کے خلاف دو طرفہ کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت ہونے والے ایپکس کمیٹی کے 30 ویں اجلاس میں وزیرِ اطلاعات شرجیل میمن، وزیرِ داخلہ ضیا الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل بابر افتخار اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چوری کا سامان جس بازار میں فروخت ہوتا ہے وہاں کارروائی ہو گی، اسٹریٹ کرمنلز کے مکمل ڈیٹا پر پولیس کی سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ باقاعدہ کام کرے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر صورت دہشت گردی اور ڈرگ مافیا کا خاتمہ، امن و امان کی بحالی چاہتے ہیں، آج ایپکس کمیٹی کا 30 واں اجلاس سندھ حکومت کے عزم کا نتیجہ ہے، کچے میں ڈاکوؤں اور کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، سندھ حکومت نے پہلے بھی امن بحال کیا اور اب بھی کریں گے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے آئی جی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔
آئی جی پولیس نے بتایا کہ اسٹریٹ کرائم کےروزانہ 247 تا 256 مقدمات درج ہو رہے ہیں۔
جس پر مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ پولیس اسٹریٹ کرائم کو ختم کرنے کے لیے سخت کارروائی کرے۔
اجلاس میں آئی جی سندھ نے بتایا کہ 2023ء کے آخری 3 مہینوں میں 264 آپریشن کیے، 2024ء کے 3 ماہ میں 529 آپریشن کیے گئے، جنوری سے مارچ تک 44 مقدمات داخل کیے، 47 مجرموں کو گرفتار کیا اور ایک دہشت گرد مارا گیا، دہشت گردی کی فنڈنگ کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے، نفرت انگیز مواد کے پھیلاؤ کے خلاف2023ء میں 22 افراد گرفتار کیے گئے جبکہ 2024ء میں 36 افراد گرفتار کیے گئے، سندھ میں کل 7057 مدارس ہیں جن میں سے 6289 رجسٹرڈ ہیں، باقی مدارس بہت چھوٹے ہیں یا اب کام نہیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اسلحے کے خلاف 2024ء میں سخت کارروائی کی ہے، غیر قانونی اسلحے کے 2769 مقدمات داخل کیے اور 2769 ملزم گرفتار کیے، رواں سال 18 اپریل تک مختلف قسم کے 2822 ہتھیار برآمد کیے۔
آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ 2023ء میں جنوری تا اپریل 8688 موبائل فون چھیننے کے واقعات ہوئے، رواں سال جنوری تا اپریل 6813 موبائل فون چھیننے کے واقعات ہوئے، 2023ء میں 655 فور وہیکل گاڑیوں کی چوری کے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال 520 فور وہیکل گاڑیوں کی چوری کے کیسز رپورٹ ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ 2023ء میں 16298 موٹر سائیکلز چوری ہوئیں، 2024ء میں 15345 چوری ہوئیں، سندھ بھر میں 618 اور کراچی میں 108 پولیس اسٹیشن ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئی جی سندھ تھانوں کو مضبوط اور بہتر کریں، شاہین فورس کو دوبارہ فعال کریں، شاہین فورس کرائم ہونے والی جگہوں پر پیٹرولنگ کرے۔