• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: 2 بھائیوں نے ایک ہی خاتون سے شادی کر لی، سوشل میڈیا پر تنقید

—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا
—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارت کی ریاست ہماچل کے رہنے والے دو بھائیوں نے ایک ہی خاتون سے شادی کر لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہماچل کے ضلع سرمور کے شلائی گاؤں کے دو بھائیوں نے ایک ہی عورت سے شادی کی انوکھی رسم کے تحت شادی کر لی، اس رسم کو مقامی طور پر جوڑی دارا یا جوڑی دار پراتھا کہا جاتا ہے۔

یہ شادی کرنے کے ہفتوں بعد ان دونوں بھائیوں نے اس تقریب اور سوشل میڈیا پر ہونے والی عوامی تنقید پر کھل کر بات کی ہے۔

ہماچل کے ہٹی قبیلے سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں پردیپ اور کپل نیگی کا کہنا ہے کہ جوڑی دار پراتھا رسم نسلوں سے چلی آ رہی ہے اور یہ روایت ہم پر مسلط نہیں کی گئی۔

پردیپ نیگی نے فیس بک پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا ہے کہ ایسا نہیں ہے کہ ہم نے پہلی بار اس روایت کے تحت شادی کی ہے، یہ ماضی میں بھی رائج رہی ہے اور اب بھی رائج ہے۔

ان کے بھائی کپل نیگی کا کہنا ہے کہ ہم تینوں (دونوں بھائیوں اور ان کی دلہن) نے اپنی رضامندی سے شادی کی اور یہ ہمارا باہمی فیصلہ تھا۔

کپل نے کہا ہے کہ دوسری ریاستوں میں ایسی روایات ہیں جو لوگوں پر مسلط کی جاتی ہیں لیکن ہمارے یہاں ایسی کوئی روایت نہیں ہے، ہم پر اس روایت پر عمل کرنے کے لیے دباؤ نہیں ڈالا جاتا، ہم نے اپنی رضامندی سے شادی کی ہے۔

ہماچل کے ضلع سرمور کے شلائی گاؤں کے ان دو بھائیوں نے ایک ہی عورت سے 12 جولائی کو یہ شادی کی جس میں ناصرف سیکڑوں گاؤں والوں نے شرکت کی، بلکہ یہ سوشل میڈیا پر بھی وسیع موضوعِ بحث بنی رہی۔

ہماچل میں جوڑی دارا رسم اب بھی ریاست کے ریونیو قوانین کے تحت تسلیم شدہ ہے، دونوں بھائیوں کے مطابق یہ روایت صرف ہماچل تک محدود نہیں بلکہ اتراکھنڈ کے علاقے جونسر باور میں بھی رائج ہے۔

پردیپ نیگی نے اس نایاب روایت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھائیوں اور دلہن نے شادی کے لیے رضامندی ظاہر کی تھی اور یہ ہم پر مسلط نہیں کی گئی تھی، دونوں خاندان اس شادی کے لیے تیار تھے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ سوشل میڈیا پر ہماری تصاویر اور ویڈیوز پر ہمیں گالیاں دے رہے ہیں، میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ یہ نہ سوچیں کہ آپ مجھے گالی دے رہے ہیں، ہم اپنی زندگیوں سے خوش ہیں، اس شادی سے ہم اپنی روایت اور ثقافت کو فروغ دے رہے ہیں، ہم ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔

کپل نے کہا کہ فیس بک پیج بنانے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں تھا اور مشہور ہونے کے لیے ہم نے یہ شادی نہیں کی، نہ ایسا کوئی ارادہ تھا، مگر یہ خبر پورے بھارت میں پھیل گئی، ہم نے عام طریقے سے شادی کی۔

اس میں اضافہ کرتے ہوئے پردیپ نے کہا کہ اس شادی کا واحد مقصد ایک ساتھ رہنا اور ایک دوسرے سے محبت کرتے رہنا تھا، ہم دعا کرتے ہیں کہ ہم بھائیوں کے درمیان یہ محبت قائم رہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید