• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل مخالف مظاہرے، امریکی جامعات کی طلبہ کو دھمکیاں

کراچی (نیوز ڈیسک)اسرائیل مخالف مظاہرے، امریکی جامعات کی طلبہ کو دھمکیاں ، یورپ اور آسٹریلیا میں بھی طلبہ سراپا احتجاج، لندن اور اسٹاک ہوم کی سڑکوں پر ہزاروں افراد کی ریلی ، غزہ کے رہائشیوں کا کولمبیا اور دیگر امریکی جامعات کے طلبہ سے اظہار تشکر ۔ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کیخلاف امریکی یونیورسٹیز سے شروع ہونے والا احتجاج یورپ اور آسٹریلیا کے تعلیمی اداروں تک بھی جاپہنچا، امریکی یونیورسٹیز نے احتجاجی طلبہ سے نمٹنے کیلئے طاقت کا استعمال شروع کردیا، جامعات کی انتظامیہ نے احتجاجی طلبہ کا داخلہ منسوخ کرنے اور ان کیخلاف دیگر قانونی کارروائیوں کی دھمکیاں دینا شروع کردی ہیں، کئی جامعات نے کلاسز معطل کردی ہیں۔ اسرائیلی جارحیت کیخلاف برطانوی دارالحکومت لندن اور سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں دسیوں ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، فلسطینی پرچم اٹھائے اور فلسطینی کفایہ پہنے مظاہرین نے اپنی حکومتوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر جنگ بندی کیلئے دباو ڈالیں اور نیتن یاہو حکومت سے جاری تعاون ختم کیا جائے۔ غزہ کے فلسطینیوں نے کولمبیا یونیورسٹی سمیت امریکا کی دیگر جامعات کے احتجاجی طلبہ کیساتھ اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا پیغام دنیا بھر تک پہنچ گیا ہے۔ پناہ گزین کیمپوں میں مقیم فلسطینیوں نے وال چاکنگ کرکے کولمبیا اور دیگر جامعات کے احتجاجی طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ کچھ یونیورسٹیاں اپنی گریجویشن کی تقریبات منسوخ کرنے پر مجبور ہوگئیں جب کہ کئی جامعات میں احتجاجی طلباء نے عارضی خیمے قائم کرکے ڈیرے ڈال دیئے ہیں۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ ان کی جامعات اسرائیلی حکومت کیساتھ تعاون ختم کرنے کا اعلان کرے۔ دوسری جانب امریکی انتظامیہ نے احتجاجی طلبہ سے نمتنے کیلئے طاقت کا استعمال شروع کردیا ہے، امریکا کے شہر بوسٹن میں ناتھ ایسٹرن یونیورسٹی میں جاری احتجاج کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے تقریباً 100 طلبہ کو حراست میں لے لیا، ہفتے کے اوائل میں ایک بیان میں، امریکی حکام نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ "پیشہ ور منتظمین" کیمپس میں طلباء مظاہرین کی صفوں میں شامل ہو گئے ہیں۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کی پولی ٹیکنیک یونیورسٹی، ہمبولڈ کیمپس کو بند کرنے کا اعلان کردیا ہے اور سمسٹر کے اختتام تک ریموٹ فارمیٹ میں منتقل ہو جائے گا ۔
اہم خبریں سے مزید