• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کیلئے آزاد قانون سازی کی جائے، آر ایس ایف کا مطالبہ

پیرس (رضا چوہدری) صحافیوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ’’رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز‘‘ (آر ایس ایف) نے غیر ملکی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو جمہوری ملک میں کام کرنے کی اجازت دینے کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے فوری طور پر آزاد قانون سازی کا مطالبہ کر دیا۔ امریکی کانگریس نے 23 اپریل کو ایک قانون پاس کیا ہے جس کا مقصد امریکہ کے شہریوں کو فارن ایڈورسری کنٹرولڈ ایپلی کیشنز سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اس بل میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ امریکی سیاست کو ’’ٹک ٹاک‘‘ سے پاک کرنے کے لیے قانون سازی کی فوری ضرورت ہے۔ ‎ ٹِک ٹاک کے متعلق امریکی کانگریس نے فیصلہ کیا کہ اس ایپ کی مالک چینی کمپنی ’’بائٹ ڈانس‘‘ پر امریکہ میں پابندی عائد کر دی جائے تاکہ امریکی شہریوں کو غیر ملکی مخالفین سے بچایا جا سکے۔ آر ایس ایف کے خیال میں امریکہ سے چینی سوشل میڈیا ایپ پرپابندی لگانے کی یہ تازہ ترین کوشش اہم بنیادی مسئلے کو جنم دیتی ہے اور وہ یہ کہ وہاں عوام کی معلومات تک رسائی کے حق کو یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ آر ایس ایف کا کہنا ہے کہ سیاسی حکام بہت آسانی سے جغرافیائی سیاسی تحفظات سے متاثر ہو جاتے ہیں اور پھر انہیں اپنے طور پر یہ فیصلہ کرنے کی اجازت دی جاتی ہے کہ آیا 148ملین امریکی شہریوں کے زیرِ استعمال سوشل میڈیا ایپ کو بند کرنا ہے یا نہیں۔ ‎آر ایس ایف نے مزید کہا کہ اس حساس مسئلے کو سیاسی حکام کے زیرِ اثر نہیں بلکہ آزاد قانونی فریم ورک کے اندر حل کیا جانا چاہئے۔ آر ایس ایف نے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ امریکی حکومت جمہوری معلومات کی جگہوں کے تحفظ کیلئے ہماری تنظیم کے نظام کو اپنا کر ایسی قانون سازی کرے جو عوام کے معلومات تک رسائی کے حق کو نظر انداز کئے بغیر آمرانہ حکومتوں سے منسلک پلیٹ فارمز کے مسئلے کو حل کرتا ہے۔

یورپ سے سے مزید