• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنی آئینی حدود بخوبی جانتے ہیں، دوسروں سے بھی یہی توقع ہے، آزادی رائے کی قانونی حدود کو پامال کرنے والے دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے، آرمی چیف

راولپنڈی (ایجنسیاں)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے ہیں اور دوسروں سے بھی آئین کی پاسداری کو مقدم رکھنے کی توقع رکھتے ہیں‘آئین کے آرٹیکل 19 میں واضح طور پر آزادی اظہار اور اظہار رائے کی حدود متعین کی گئی ہیں، جو لوگ آئین میں دی گئی آزادی رائے پر عائد کی گئی واضح قیود کی برملا پامالی کرتے ہیں وہ دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے‘ حق طاقت ہے جبکہ باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا‘ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پوری دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے‘غزہ میں بوڑھوں، خواتین اور بچوں کا اندھا دھند قتل عام اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا میں تشدد بڑھ رہا ہے‘اسلحے کی دوڑ سے ہمارے خطے میں طاقت کا توازن بھی بگڑنے کا امکان ہے، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور کوانٹم کمپیوٹنگ سمیت مخصوص ٹیکنالوجیز فضائی طاقت کے استعمال کو تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے دائرہ کار کو وسعت دے رہی ہیں۔آئی ایس پی آرکے مطابق جمعرات کو پاکستان ائیر فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ آپ ہماری امیدوں کا مرکز، آسمانوں کے محافظ اور علاقائی یکجہتی کے ضامن ہیں‘آپ کا طرز عمل نہ صرف آپ کی ذاتی اخلاقیات بلکہ قابل احترام ادارے کے لیے بھی غیر معمولی ہوگا، آپ مادر وطن کے دفاع، عزت و وقار کے لیے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے۔آرمی چیف نے کہا کہ ایک مضبوط فضائیہ کے بغیر ملک کسی بھی جارح کے رحم و کرم پر ہوتا ہے‘پاک فضائیہ نے بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ہر طرح کی مشکلات میں فضائی حدود کی نگرانی کی جس کی بڑی مثال فروری 2019ہم سب کے سامنے ہے۔ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ غزہ جنگ اس بات کی تازہ ترین مثال ہے کہ جنگیں کیا کیا مصائب سامنے لاسکتی ہیں۔مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے اپنا ناجائز قبضہ کررکھا ہے۔آرمی چیف نے کہاکہ ہمیشہ یاد رکھیں کہ حق طاقت ہے جبکہ باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا، راشد منہاس، سرفراز رفیقی اور ایم ایم عالم جیسے بنیں، جنہوں نے وطن عزیز کے وقار کے تحفظ کے لیے اپنی خدمات اور زندگیاں پیش کیں۔آرمی چیف نے کہا کہ آپ کو جو ذمہ داری سونپی جا رہی ہے اس کیلئے پرعزم رہیں اور ریاست پاکستان کے ساتھ وفادار رہیں۔

اہم خبریں سے مزید