کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امریکی قونصل جنرل کانرڈ ٹربل کا کہنا ہے کہ کاروباری افراد اورکاروباری مالکان کی مدد کرنا ہماری اقتصادی رسائیکا ایک اہم حصہ ہے،یہ بات انہوں نے کراچی میں پاکستان امریکن کلچرل سینٹر (PACC) میں منعقدہ کرافٹ پرینیورشپ پروگرام کی اختتامی تقریب میں شرکت اور خواتین سے خطاب کرتے ہوئے بتائی، 20 سے زائد خواتین نے امریکی حکومت کی پبلک ڈپلومیسی گرانٹ کے تحت تیار کی گئی اشیا کی نمائش کی ۔ قونصل جنرل ٹربل نے نمائش کا دورہ کیا، اور شرکا کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے اس ہم کام کو جاری رکھیں اور اس سے اپنے لوگوں اور ملک کے لئے خدمات انجام دیتے رہیں۔امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی، پاکستان امریکن کلچرل سینٹر، لنکن کارنرز پاکستان، اور GrowElle Labs کے درمیان تعاون کا مقصد ہنر مند دستکاروں کے درمیان کاروبار کو فروغ دینا ہے۔