• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی انتخابات، لیبر پارٹی بولٹن کونسل پر اپنا مجموعی کنٹرول برقرار رکھنے میں کامیاب

گریٹر مانچسٹر، بولٹن (ابرار حسین) بولٹن کونسل کے اقتدار پر براجمان رہنے والی لیبر پارٹی اپنا مجموعی کنٹرول برقرار رکھنے میں کامیاب ہو گئی۔ بولٹن میں اس مرتبہ بھی ووٹ ڈالنے کا طریقہ فراہم کیا گیا جس میں روایتی پولنگ اسٹیشن پر پوسٹل ووٹ کا طریقہ کار شامل تھا۔ گریٹر مانچسٹر کے میئر کے الیکشن کے باعث ووٹوں کی گنتی تاخیر سے شروع کی گئی جس کی بنا پر مانچسٹر سٹی سمیت گریٹر مانچسٹر اور لنکاشائر کی مختلف کونسلوں کے حتمی نتائج آنا باقی ہیں۔ گریٹر مانچسٹر کے انتخابات کے نتائج آج ہفتہ کے روزملنے کی توقع کی جارہی ہے تاہم موجودہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج کی روشنی میں لیبر26کنزرویٹو15لب ڈیم6انڈیپنڈ نٹ 12جبکہ گرین پارٹی نے ایک نشست حاصل کی۔ بلدیاتی انتخابات میں مختلف جماعتوں سے12ایشیائی امیدواروں نے حصہ لیا جن میں صرف4امیدوار ہی کامیاب ہو سکے ، زیادہ گہما گہمی اس وارڈ میں دیکھنے میں آئی جہاں ایشیائی امیدوار آمنے سامنے تھے۔ لیوٹن وارڈ سے لیبر پارٹی کی فضیلہ راجہ نے کنزرویٹو پارٹی کے شفیع پٹیل کے824 ووٹوں کے مقابلے میں 1,213 ووٹ لے کر پہلی بار سیاسی معرکہ مارنے میں کامیاب ہوگئیں۔ فارن ورتھ نارتھ وارڈ سے ٹوری پارٹی کے مظہر اقبال کے520ووٹوں کے مقابلے میں لیبر پارٹی کی سفید فام خاتون امیدوارکیرن ہن نے 1,521ووٹ لے کر نمایاں کامیابی حاصل کی۔ براملے کراس وارڈ سے ٹوری پارٹی کے ندیم مسلم نے لیبر پارٹی کے سفید فام امیدوار کے 1,359ووٹوں کے مقابلے میں 1,763ووٹ لے کر اپنے مدمقابل کو شکست سے دوچار کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ لٹل لیوروارڈ سے لیبر پارٹی کے سفید فام امیدوار لیم برنارڈ کے 1,201ووٹوں کے مقابلے میں ٹوری پارٹی کے راجہ فرید خان861ووٹوں سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہالیول وارڈ سے لیبر پارٹی کے سفید فام امیدوار کیون پٹرک کے 1,273ووٹوں کے مقابلے میں گرین پارٹی کے محمد حنیف نے 1,573ووٹ لے کر بڑی پارٹیوں کے امیدواروں کو حیرت میں ڈال دیا۔ کیوین پارک وارڈ سے لیبر پارٹی کی سفید فام خاتون امیدوار کے لنڈا مقاص 1,256 ووٹوں کے مقابلے میں ورکر پارٹی کے عمار شفیق نے 842 ووٹ لے کر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ رم ورتھ وارڈ سے لیبر پارٹی کے حنیف ادیہ کے 1,224ووٹوں کے مقابلے میں انڈیپنڈنٹ کے محمد ایوب پٹیل نے 1,990 ووٹ لے کر سیاسی دنگل میں اپنے مدمقابل کو بوچھاڑ کر رکھ دیا۔نتائج کے فوراً بعد رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب تمام جماعتوں کو اپنے سیاسی اختلافات اور وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اہل بولٹن کے بہتر مستقبل کیلئے سوچنا ہوگا۔

یورپ سے سے مزید