نیویارک (عظیم ایم میاں) امریکا میں پہلی بار انٹرنیشنل کرکٹ میچز اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد سے متعلق ناسو کاونٹی میں تعمیر کردہ نئے اسٹیڈیم میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب میں شعیب ملک سمیت اسٹارز کرکٹرز نے شرکت کی۔ آئی سی سی کے اعلی عہدیداران اور ناسو کاؤنٹی کے حکام نے بھی شرکت کی اور تفصیلات سے آگاہ کیا۔پاک بھارت میچ اسی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ یکم جون تا29؍ جون کے عرصہ میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں آئی سی سی کے تحت ٹی ٹوئنٹی میچز میں سب سے اہم اور نمایاں میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان ناسوکاؤنٹی کے موڈلر اسٹیڈیم میں ہوگا جہاں 34؍ ہزار نشستوں کی ٹکٹ خریداری کے لئے قیمتوں میں اضافہ اور خریداروں کا شدید رش پایا جارہا ہے۔ ناسو کاؤنٹی کے اس اسٹیڈیم میں منعقدہ اس تقریب میں کرکٹ کی دنیا کی متعدد شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں پاکستان کے کرکٹر شعیب ملک بھی شامل تھے جبکہ حکومت پاکستان کی نمائندگی نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد آتوزی نے کی۔ ناسوکاؤنٹی کے منتخب ایگزیکٹو نے پاکستانی قونصل جنرل کا اپنی تقریر میں بھی خیرمقدم کیا اور 9؍ جون کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو نے والے میچ کو امریکا کے فٹ بال کے سب سے بڑے ایونٹ ’’سپربال‘‘ کے ہم پلہ قرار دیا۔