• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا، امریکہ اور کینیڈا میں بھارتی خفیہ ایجنسی کا ایک اور نیٹ ورک بے نقاب

میلبورن( نیوز ڈیسک)آسٹریلیا، امریکہ اور کینیڈا میں سفارتکاری کی آڑ میں بھارتی خفیہ ایجنسی کا ایک اور نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔2014ء میں برسراقتدار آنے کے بعد ہی سے مودی سرکار اکھنڈ بھارت کے منصوبے پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ایک جانب مودی سرکار نے بھارت کے اندر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کیخلاف کارروائیاں شروع کیں جب کہ دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر دوسرے ممالک میں جاسوسی اور دہشت گردی کا آغاز کر دیا۔انتہا پسند مودی کے دور حکومت میں دوسرے ممالک میں دہشت گردی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ کےٹھوس شواہد بھی موجود ہیں۔دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق بھارت، پاکستان اور کینیڈا میں بھی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا ہے۔تازہ واقعے میں30اپریل کو بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹوں کو آسٹریلوی ہوائی اڈے اور دیگر حساس دفاعی اور تجارتی علاقوں کی جاسوسی میں گرفتار کیاگیا ہے۔ خفیہ معلومات چرانے پر پکڑے جانے کے بعد بھارتی جاسوسوں کو آسٹریلیا سے بے دخل کر دیا گیا ہے۔آسڑیلیا سیکیورٹی انٹیلی جنس آرگنائزیشن (ASIO) کے مطابق بھارتی ایجنٹس آسٹریلیا میں رہنے والے بھارتیوں کی قریب سے نگرانی اور ذاتی مفاد کے لیے سابق سیاستدانوں کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کرتے ہیں ۔ بھارتی ایجنٹس نے ایک سرکاری ملازم کو ائرپورٹ پر سیکورٹی پروٹوکول کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کا کہا۔آسٹریلوی سیکورٹی ڈائریکٹر جنرل مائیک برجیس کے مطابق بھارت آسٹریلیا کے خلاف جاسوسی اور خفیہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان کی سرزمین پر ’’را‘‘ کے دہشت گرد کلبھوشن یادوکی گرفتاری، بھارت کے وزیر دفاع کا پاکستان کے اندر دہشت گردی کا اعتراف، کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کا قتل اور امریکہ میں پتونت سنگھ کے قتل کی منصوبہ بندی جیسے واقعات بھی روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں۔بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹ کو قطر میں بھی جاسوسی کے الزام میں سزائے موت دی گئی ۔2023 میں بھی امریکن سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنن کے قتل کی خفیہ پالیسی بنائی گئی جو امریکا کی جانب سے منظر عام پر لائی گئی۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق گزشتہ برس امریکی سرزمین پر سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے الزام میں بھارتی را کا ایجنٹ ملوث تھا۔ 2020 میں ’’را‘‘ کے 2 افسران کو آسٹریلیا سے نکالا گیا۔دی واشنگٹن پوسٹ کی حالیہ رپورٹ میں بھی مودی کی امریکی سر زمین پر دہشت گردی کی سازش بے نقاب کی گئی۔ را کی جانب سے غیر ملکی سر زمین پر سکھوں کے قتل کے شواہد ملنے کے بعد آسٹریلیا، جرمنی اور برطانیہ میں متعدد بھارتی افسران کو گرفتاری اور سرزنش کا سامنا کرنا پڑا ۔ماضی میں جرمن پولیس نے بھی پکڑے گئے بھارتی خفیہ ایجنٹس کو گرفتار کیا جو سکھوں کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے میں ملوث تھے۔امریکی تحقیقاتی رپورٹ کے بعد سے امریکا کی جانب سے بھارت کو متعدد بار وارننگ جاری کی جاچکی ہے لیکن اب تک مودی سرکار اپنے ہتھکنڈوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ کئی دہائیوں سے بھارتی ایجنسی “را‘‘ پاکستان کو نقصان پہنچانے کے حربے آزماتی رہی ہے لیکن اب اس نے اپنی دہشت گردانہ کاروائیوں کو عالمی سطح پر پھیلا لیا ہے۔بھارت کی جانب سے دنیا کے دیگر ممالک میں دہشتگردی کے نیٹ ورکس اور اس کے جاسوسوں کا پکڑے جانا اس بات کا متقاضی ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے بھارت کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کریں۔

یورپ سے سے مزید