• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ بھر کے تھانوں میں کاروباری سرگرمیاں فوری ختم کرنے کے احکامات

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ظفر احمد راجپوت نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے اعتراف پر پولیس تھانوں میں قائم دکانوں اور دیگر کاروباری سرگرمیاں فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت عالیہ نے تھانوں میں کاروباری سرگرمیاں ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی دلچسپی کاروبار میں ہے اسی لئے شہر میں کرائم کنٹرول نہیں ہو رہا، جان و مال کے تحفظ کے بجائے پولیس کی تجارت میں دلچسپی پر حیرت ہو رہی ہے۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو سندھ پولیس کے تھانوں میں پولیس ویلفیئر کے نام پر کمرشل سرگرمیوں کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن پیش ہوئے۔ تھانوں میں کمرشل سرگرمیاں کرنے پر عدالت عالیہ نے آئی جی سندھ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کتنے تھانوں میں کمرشل سرگرمیاں جاری ہیں؟ آئی جی سندھ نے بیان دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ صوبے کے 16 اضلاع کی 32 لوکیشن پر 2 ہزار کے قریب یعنی 1 ہزار 920 مقامات پر دکانیں قائم ہیں اور کاروباری سرگرمیاں ختم کرنے کے لئے متعلقہ افراد کو نوٹس دیا تھا۔

ملک بھر سے سے مزید