اسلام آباد (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و بین الصوبائی رابطہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مائننگ، سی پیک فیز2کا ترجیحی شعبہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چاغی بلوچستان میں کام کرنے والی چینی کان کنی کمپنی (ایم آر ڈی ایل سیندک) کے چیئرمین وانگ جک چنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں منرل انڈسٹریل پارک کے قیام کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی کمپنی کی جانب سے اپنے تازہ ترین منصوبے کو سی پیک میں شامل کرنے کی درخواست کی گئی۔ نیشنل پاور گرڈ کے قیام سے صوبے میں مائننگ کے تمام منصوبوں کی آپریشنل لاگت کم ہو جائے گی۔ بتایاگیا کہ بلوچستان میں سیندک کاپر گولڈ پراجیکٹ ایم سی سی ٹی ریسورسز ڈویلپمنٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ (ایم آر ڈی ایل) کے ذریعے چلایا جاتا ہے۔ ایم سی سی ٹی نے پاکستان میں ایک معدنی صنعتی پارک کے قیام کی تجویز پیش کی جس میں کاپر، لیڈ، زنک ریفائننگ اور گہری پروسیسنگ شامل ہے، جس سے معدنی مصنوعات میں مزید ویلیو ایڈیشن ہوگا۔