• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ میں پھنسے لوگوں کو خوراک، ادویات اور دیگر ضرورت کا سامان پہنچا رہے ہیں، شازیہ ارشد

لندن (سعید نیازی) برطانوی چیرٹی اسلامک ریلیف گزشتہ 40برس سے دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے اور اس عرصہ کے دوران 125ملین افراد کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے کام کیا ہے۔ اس بات کا اظہار چیرٹی کی ہیڈ آف کمیونی کیشن شازیہ ارشد نے چیرٹی کی خدمات کے حوالے سے سینٹرل لندن میں ٹریفالگر اسکوائر پر منعقدہ تصویری نمائش کے موقع پر جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تصاویر میں چیرٹی کی 40سالہ خدمات کا احاطہ کرتے ہوئے آگاہی فراہم کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 125ملین افراد کی مدد برطانوی مسلمان کی فراخ دلانہ مالی تعاون کے سبب ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان تعاون جاری رکھیں تاکہ ہم اپنے فلاحی مقاصد کی تکمیل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے مظلوم عوام کیلئے چیرٹی مسلسل کام کر رہی ہے۔ بدقسمتی سے وہاں جنگ شروع ہوئے چھ ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے وہاں اندھا دھند بمباری کی گئی ہے اور وہاں کے عوام کو ہماری مدد کی شدید ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ہم غزہ میں پھنسے لوگوں کو امدادی سامان، فوڈ، ادویات اور دیگر ضرورت کا سامان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں اسلامک ریلیف برطانیہ میں بھی امداد فراہم کر رہی ہے کیونکہ یہاں پر اخراجات زندگی کا بحران چل رہا ہے۔ ہمیں احساس ہے کہ مہنگائی کے سبب لوگ پریشان ہیں، ہم اپنے لوکل پارٹنرز کے ساتھ مل کر فوڈ بنکس اور نوجوانوں کی سرگرمیوں کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔ اس موقع پر لوگوں کو چیرٹی کے فلاحی کاموں کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی اور ان کے مختلف سوالات کا جواب بھی دیا گیا۔

یورپ سے سے مزید