• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت مقبوضہ کشمیر میں آباد کاری کی راہ ہموار کر رہا ہے، چوہدری قربان

لوٹن (نمائندہ جنگ) کوآرڈینیٹر کشمیر سالیڈیریٹی کمپئین لوٹن حاجی چوہدری محمد قربان نےکہاہے کہ کشمیری عوام چوکنا رہیں کیونکہ حالات بتا رہے ہیں کہ بھارت کی نریندر مودی کی نام نہاد قیادت میں حکومت کشمیری عوام کی پہچان اور شناخت خاتمے کے درپے ہے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے خبردار کیا ہے کہ مودی حکومت کشمیریوں سے ان کی شناخت اور وطن چھیننے کی سازش پر عمل پیرا ہے کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف مودی حکومت جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ ہندوتوا کے نام نہاد لیڈرز مقبوضہ کشمیر کی الگ حیثیت اور شناخت کو ختم کرنے کا کھلے عام اعلان کر رہے ہیں اور بی جے پی اورآر ایس ایس کا مقصد جموں و کشمیر میں قبل از اسلام ہندو تہذیب کوزندہ کرنا ہے۔ بی جے پی- آر ایس ایس ہندوستان میں جموں و کشمیر کے مکمل انضمام کی اپنی دیرینہ خواہش کو پورا کرنا چاہتی ہیں، اسی لئے بھارت منظم طریقے سے مقبوضہ علاقے میں آباد کاری کی راہ ہموار کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ دفعہ 370کے خاتمے کا مقصد بھی مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر کشمیری ہندو باشندوں کو آباد کرنا ہے۔ مودی حکومت کشمیریوں کو اپنے ہی وطن میں بے روزگار اور بے زمین کرنا چاہتی ہے لیکن کشمیری کسی صورت میں بی جے پی آر ایس ایس کو اپنی شناخت چھیننے نہیں دیں گے اور کشمیری عوام ہندو جنونی قوتوں کے غلام بننے پر موت کو ترجیح دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس متعلق آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے درست نشاندہی کی ہے کہ مقبوضہ علاقے میں غیر کشمیریوں کو آباد کرنے کے مودی حکومت کے مذموم ایجنڈے سے مقامی لوگوں میں بڑے پیمانے پر غم و غصہ پیدا ہوا ہے، جو اسے اپنی ثقافت اور طرز زندگی پر براہ راست حملہ سمجھتے ہیں۔
یورپ سے سے مزید