پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی موجودہ صورتِ حال کو 1971 کے مشرقی پاکستان کے حالات جیسا قرار دینا انتہائی افسوسناک ہے۔
اپنے بیان میں عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ تاثر پیدا کرنا کہ ملک خدانخواستہ ایک اور سقوط ڈھاکہ کی طرف بڑھ رہا ہے قابل افسوس ہے۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ٹوئٹ محض ٹوئٹ نہیں بلکہ انتہائی محنت سے لکھے گئے اسکرپٹ کے مطابق بنائی گئی مختصر فلم ہے جس کے لفظ لفظ سے فوج دشمنی ٹپک رہی ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ اس فلم میں جان بوجھ کر ایسی تصویروں کا انتخاب کیا گیا ہے جو بنگلہ دیشی اور بھارتی میڈیا پاک فوج کو بدنام کرنے کیلئے استعمال کرتا رہتا ہے۔