• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی قیادت نے متنازع ٹوئٹ سے متعلق طلبی کے نوٹس چیلنج کردیے

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پی ٹی آئی قیادت نے متنازع ٹویٹ سے متعلق شکایت اور ایف آئی اے کے طلبی کے نوٹس اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان اور سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے اس حوالے سے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں مؤقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے پوسٹ کا مقصد پاکستان کیلئے یکجا ہونے کا درس دینا تھا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پوسٹ کا مقصد ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے نیشنل ڈائیلاگ کے اہتمام کی ترغیب دینا تھا، بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ سیاسی مخالفین نے توڑ مروڑ کر پیش کی۔

عدالت میں دائر کی گئی درخواست کے مطابق سرکاری مشینری حرکت میں آتی ہے، ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی جانب سے کمپلینٹ فائل کردی جاتی ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر کی کمپلینٹ ٹرائل کے بغیر فیصلہ معلوم ہوتا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی افسر نے 31 مئی کو درخواست گزاروں کو طلبی کے نوٹس جاری کیے، اس کمپلینٹ اور طلبی کے نوٹسز کا مقصد درخواست گزروں کو ہراساں کرنا ہے۔

درخواست میں عدالت سے کمپلینٹ اور طلبی کے نوٹس کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ درخواست کے زیرِ سماعت ہونے تک فریقین کو درخواستگزاروں کو گرفتار یا ہراساں کرنے سے روکا جائے۔

اس درخواست میں سیکریٹری داخلہ، شکایت کنندہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید