اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو چھوڑ دیا۔
رہائی کے باوجود پولیس نے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو راولپنڈی جانے سے روک دیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمیں کچھ دیر حراست میں رکھنے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ سلمان اکرم راجہ بھی تھے، پولیس نے ہمیں سیکٹر ایچ 13 سے گرفتار کیا۔ پولیس نے کہا کہ راولپنڈی کے بجائے واپس چلے جائیں۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ سلمان اکرم راجہ اور میری بحث کے بعد پولیس نے ہمیں واپس بھیج دیا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ راولپنڈی جا رہے تھے کہ اسلام آباد پولیس نے سیکٹر ایچ 13 کے قریب ان کی گاڑی کو روکا اور پولیس دونوں کو وین میں ڈال کر لے گئی۔
علاوہ ازیں راولپنڈی میں لیاقت باغ پہنچنے والے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
ادھر کمیٹی چوک پر پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان پر شیلنگ کی اور کئی کارکنان کو گرفتار کرلیا، پی ٹی آئی کارکنوں نے بھی پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔