کراچی (نیوزڈیسک) بجٹ دستاویزات کے مطابق فیڈریل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کی ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکس بیس کو بہتر بنانے سمیت ادارے کا نیا آئی ٹی سسٹم بنانے کے لیے 7ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔نئے بجٹ میں حکومت نے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آئی ٹی پارک بنانے کے لیے بھی 8 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹیکنالوجی پارک ڈیولپمنٹ کے قیام کے لیے بھی 11 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔اسی طرح حکومت نیشنل ڈیجیٹل کمیشن اور ڈیجیٹل پاکستان اتھارٹی جیسے ادارے بھی قائم کرے گی جو کہ حکومت اور نجی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن میں معاون ثابت ہوں گے۔حکومت نے آئی ٹی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کرتے ہوئے ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر انفارمیشن کے مختلف منصوبوں کے لیے 20 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے۔پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کے لیے بھی بجٹ کو بڑھا کر دو ارب روپے کرنے کی تجویز ہے، مذکورہ رقم آئی ٹی کورسز کے لیے طلبا کی انٹرنشپ سمیت آئی ٹی کے ایکسپورٹرز کی حوصلہ افزائی کے لیے رکھی جائے گی۔