مدراس ہائیکورٹ نے مشہور بھارتی اداکار، پروڈیوسر، ہدایتکار، گیت نگار اور پلے بیک سنگر وینکٹیش پرابھو کستوری راجہ المعروف دھنوش کے خلاف جائیداد کا تنازع نمٹا دیا۔
تامل فلموں کے 41 سالہ ادکار دھنوش ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور کہا کہ وہ اس تنازع کو ختم کرنے کےلیے راضی ہیں۔
واضح رہے کہ چنئی میں واقع پوئز گارڈن نامی اس پراپرٹی کا کیس مدراس ہائیکورٹ میں زیر سماعت تھا، جہاں پر فریقین نے معاملے کو آپس میں طے کرنے کا عندیہ دیا۔
جس پر عدالت نے دھنوش کے خلاف کیس کو نمٹاتے ہوئے حکم دیا کہ پراپرٹی میں رہنے والوں کو پریشان نہ کیا جائے، جو کہ دھنوش نے کرائے پر دیا تھا۔
فریقین نے عدالت میں ایک میمورنڈم برائے سیٹلمنٹ جمع کراکر اس معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرانے کی درخواست کی تھی۔
مدعا علیہان میں سے ایک نلینا رامالکشمی نے پوئز گارڈن کا ایک گھر کرائے پر دیا تھا۔
تاہم درخواست گزار کے مطابق دھنوش نے 5 فروری کو وہاں اپنے آدمیوں کو بھیج کر دعویٰ کیا تھا کہ یہ پراپرٹی انکی ہے اور اسے فوری پر خالی کیا جائے۔ جس کے بعد انکے خلاف درخواست گزاروں نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔