ٹک ٹاک ایپ پر دنیا بھر میں سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے معروف سینیگالی ٹک ٹاکر خابی لیم نے عمرے کی سعادت حاصل کر لی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر معروف یوٹیوبر خابی لیم نے بیت اللّٰہ سے تصاویر و ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو اپنی خوشی میں شامل کیا ہے۔
حافظِ قرآن یوٹیوبر نے حال ہی میں انسٹا پوسٹ شیئر کی ہے جس کے مطابق انہیں عمرے کی سعادت نصیب ہو گئی ہے۔
تصاویر میں انہیں خانہ کعبہ کے سامنے احرام میں ملبوس دیکھا جا سکتا ہے، عمرے کی سعادت حاصل ہونے پر انہوں نے اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
خابی لیم نے انسٹا پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ میں صرف الحمدلِلّٰہ کہنا چاہتا ہوں، خدا نے مجھے سب کچھ دیا ہے، بالخصوص اس نے مجھے آگے بڑھنے اور اپنے خوابوں پر یقین کرنے کی طاقت عطاء کی ہے۔
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ میں نے زندگی میں بہت سی مشکلات کا سامنا کیا ہے، جب سب کچھ ناممکن نظر آتا تھا تو یہ میرا ایمان تھا جس نے مجھے ثابت قدم رکھا، اللّٰہ تیرا شکر ہے کہ تو ہی میری واحد امید ہے۔
واضح رہے کہ اٹلی میں مقیم 24 سالہ سینیگالی یوٹیوبر و کامیڈین خابی لیم اپنی خاموش کامیڈی اور صرف ہاتھوں کے اشاروں سے مزاحیہ ویڈیوز اور مشکل ’لائف ہیکس‘ کو آسان کر کے دکھانے سے متعلق کافی شہرت رکھتے ہیں۔