ٹی 20 ورلڈ کپ میں حیران کن طور پر فاسٹ بولر محمد عامر ذاتی ٹرینر کے ساتھ میگا ایونٹ کھیلنے گئے تھے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم شاید ایک ٹیم کی طرح دکھائی نہیں دے رہی تھی، اس کی بہت ساری وجوہات میں سے ایک وجہ یہ تھی کہ حیران کن طور پر فاسٹ بولر محمد عامر ذاتی ٹرینر کے ساتھ امریکا میں تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کے غیر ملکی ٹرینر کی موجودگی میں محمد عامر ذاتی ٹرینر کے ساتھ ٹریننگ کرتے تھے یہ ٹرینر آئرلینڈ، انگلینڈ اور امریکا میں تھا۔
محمد عامر نے اس کے لئے پی سی بی سے خصوصی اجازت لی تھی اور ٹرینر کے اخراجات وہ خود ادا کرتے تھے لیکن اس کے انتظامات پی سی بی نے کئے تھے۔
امریکا کے میچ میں 18رنز کا سپر اوور کرانے والے محمد عامر ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم میں آئے تھے لیکن وہ ٹیم کے ساتھ ٹریننگ نہیں کرتے تھے۔
محمد عامر نے یہ انوکھی مثال قائم کی کہ ایک کھلاڑی ذاتی ٹرینر کے ساتھ الگ ٹریننگ کرتا تھا۔
دوسری طرف میگا ایونٹ میں کھلاڑیوں سپورٹنگ اسٹاف کے ساتھ 26 سے 28 افراد پر مشتمل گروپ کرکٹرز کی بیگمات، بچوں اور اہل خانہ کا تھا۔
محمد عامر، محمد رضوان، فخر زمان، عماد وسیم، حارث رؤف اور وہاب ریاض کی بیگمات اور بچے ٹیم کے ساتھ سفر کرتے رہے۔
کپتان بابراعظم کے والد اور بھائی بھی ورلڈ کپ کے دوارن ٹیم کے ساتھ رہے جبکہ ایونٹ کے دوران پارٹیاں اور کھانے چلتے رہے، اسی موج مستی میں پاکستان کا سفر پہلے راؤنڈ میں ختم ہوگیا۔