کراچی(مطلوب حسین /اسٹاف رپورٹر) شہر میں ہوائی فائرنگ کے بڑھتے واقعات ، پولیس ہوائی فائرنگ روکنے میں ناکام ، معصوم شہریوں کی زندگیاں ضائع ہونا معمول ، 5روز میں اندھی گولیاں لگنے سے کمسن بچی سمیت 3افراد جاں بحق ہوچکے ،سندھ حکومت کے اقدامات بھی بے سود ، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے واقعات کا سلسلہ نہ روکا جاسکا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے باوجود شہر میں ہوائی فائرنگ کے رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے،اوباش شہریوں کی جانب سے اسلحہ کی آزادانہ نمائش کے ساتھ ہوائی فائرنگ سےایک طرف علاقہ مکین خوف کا شکار ہوتے ہیں وہیں دوسری طرف اندھی گولی سے لوگوں کی جانیں ضائع ہورہی ہیں ،ناظم آباد تھانے کی حدود میں واقع عباسی شہید اسپتال کی پارکنگ میں پیر اور منگل کی درمیانی شب اندھی گولی لگنے سے 32سالہ افضل ولد اقبال جاں بحق ہوگیا،افضل عباسی اسپتال میں داخل اپنے برادر نسبتی کے بیٹے کی عیادت کے لئے آیا تھا،پولیس کاکہنا ہےکہ اوپر سے آنے والی گولی سینے پر لگ کر نیچے سے نکل گئی جس سے اسکی موت واقع ہوئی ،پولیس نے جائے وقوع سےگولی کو قبضے میں لیکر فرانزک کے لئے بھجوادی ہے۔