پاکستان نے سعودی عرب میں جاری ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو شکست دی، اس سے قبل پاکستان نے کوارٹر فائنل میں انڈیا کو شکست دی تھی۔
اسجد اقبال اور اویس منیر پر مشتمل ٹیم پاکستان سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کیخلاف تین۔ایک سے فتحیاب ہوئی۔
سیمی فائنل کے پہلے سنگل میں اسجد اقبال کو 72-47 سے شکست ہوئی تھی لیکن اویس منیر نے اپنا فریم 40-88 سے جیت کر مقابلہ ایک، ایک سے برابر کیا۔
اس کے بعد ڈبلز کے فریم میں پاکستان نے 99 کا کلیئنرس بریک کھیلتے ہوئے برتری حاصل کی۔ اسجد اقبال نے اپنے دوسرے سنگل میں نینسن وان کو 28-82 سے شکست دی اور پاکستان کیلئے تین۔ایک کی فتح مکمل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے کوارٹر فائنل میں انڈیا 2 کو شکست دی تھی۔ انڈیا 2 کو پاکستان ٹیم نے تین۔صفر سے آؤٹ کلاس کیا تھا۔ انڈیا کیخلاف پاکستان کی جیت کا اسکور 35-63، 22-75 اور 06-70 رہا۔
ٹیم چیمپئن شپ کے فائنل میں کل پاکستان کا مقابلہ تھائی لینڈ سے ہوگا۔ پاکستان ایشین 6 ریڈ اور ایشین انڈر 21 چیمپئن شپ بھی جیت چکا ہے۔