تالیف: ڈاکٹر سیّد محمّد اشرف الجیلانی
صفحات: 136، قیمت: 320 روپے
ناشر: اشرف پبلی کیشنز، درگاہ عالیہ اشرفیہ، اشرف آباد، فردوس کالونی، کراچی۔
ڈاکٹر سیّد محمّد اشرف الجیلانی معروف علمی شخصیت ہیں، جب کہ تصّوف کے سلاسل میں بھی اُن کی خانقاہ کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ جہاں سالکینِ طریقت روحانی رہنمائی کے لیے اُن سے رجوع کرتے ہیں، وہیں بہت سے افراد دَم یا تعویذ کے لیے بھی اُن کے ہاں آتے ہیں۔اُنھوں نے اِس کتاب میں47احادیثِ مبارکہؐ، بزرگانِ دین، علماء اور فقہائے کرام کی آرا کی روشنی میں دَم اور تعویذوں کی شرعی حیثیت ثابت کی ہے، جب کہ اِس عمل کو شریعت کے منافی قرار دینے والوں کے دلائل کے جوابات بھی دئیے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ’’ قرآن مجید کی آیات یا اسمائے مقدّسہ کو کسی کاغذ پر لکھ کر مریض کو پلانا، بازو پر باندھنا یا گلے میں لٹکانے کی کوئی ممانعت نہیں، جب کہ عقیدہ یہ ہو کہ شافی الامراض صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔‘‘ ہمارے ہاں بدقسمتی سے دَموں یا تعویذوں کو باقاعدہ ایک کاروبار بنا کر لوگوں کے ایمان اور اُن کی عزّت و آبرو تک سے کھیلا جا رہا ہے، اِس طرح کی جعل سازیوں کے واقعات آئے دن سامنے آتے رہتے ہیں، اچھا ہوتا کہ کتاب میں ایسے شعبدے بازوں سے متعلق بھی ایک باب دے دیا جاتا تاکہ عوام شرعی اور غیر شرعی تعویذوں میں واضح طور پر فرق کر پاتے۔