بالی ووڈ کے معروف فلمساز رام گوپال ورما نے ہاردیک پانڈیا اور اُن کی سربین سابقہ اہلیہ، اداکارہ، ماڈل و رقاصہ نتاشا اسٹینکووچ کے درمیان علیحدگی کے اعلان کے فوراً بعد شادیوں اور طلاق کے بارے میں پوسٹ شیئر کی ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے رام گوپال ورما کی اس پوسٹ کو حال ہی میں ہونے والی ہاردیک اور نتاشا کے درمیان طلاق کو آپس میں جوڑا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رام گوپال ورما نے یہ پوسٹ کرکٹر ہاردیک اور اُن کی اہلیہ کے درمیان طلاق کے ردِ عمل میں کی ہے۔
’نیوز 18‘ کے مطابق رام گوپال ورما نے شادی کے بجائے طلاق کو جنت میں بنائی گئی چیز قرار دیا ہے۔
بالی ووڈ کو متعدد سپرہٹ فلمیں دینے والے ہدایتکار کا اپنے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ’شادیاں جہنم اور طلاقیں جنت میں بنائی گئی ہیں۔‘
انہوں نے اپنے پیغام میں حیرت کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا ہے کہ ’مجھے حیرت ہے کہ کیا آج کل شادیاں حقیقت میں اتنی دیر تک چلتی ہیں جتنے دن والدین کو بچوں کی شادی کرنے میں لگے ہوتے ہیں۔‘
رام گوپال ورما نے اپنے ایکس پیغام میں کہا ہے کہ ’بڑھاپے میں دیکھ بھال کرنے کے لیے شادی کرنے کے مقابلے میں ایک تنخواہ والی نرس بہت بہتر آپشن ہے، نرس آپ کی دیکھ بھال تنخواہ کے لیے اور نوکری کے طور پر کرے گی جبکہ ایک بیوی بوڑھے آدمی کو ہمیشہ کے لیے مجرم محسوس کرے گی۔‘
رام گوپال ورما نے شادیوں پر مزید تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’محبت اندھی ہوتی ہے جبکہ شادی آنکھ کھول دینے والی چیز ہے۔‘
بھارتی فلمساز کا اپنے سوشل میڈیا پیغام میں مزید کہنا ہے کہ ’آج کل طلاق کی انتہائی بلند شرح کو دیکھتے ہوئے سب سے بڑے بیوقوف غریب والدین ہیں جو اپنے بچوں کی شادی کے لیے اپنی جمع پونجی خرچ کرتے ہیں۔‘
یاد رہے کہ نامور فلمساز کا یہ بیان حال ہی میں بھارتی مشہور جوڑے ہاردیک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکووچ کے درمیان ہونے والی طلاق کے بعد سامنے آیا ہے۔