عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ مہیش بھٹ نے ان کی لال حویلی پر فلم بنانے کی دو مرتبہ اجازت طلب کی لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں شیخ رشید کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ مہیش بھٹ بھارت سے دو مرتبہ چل کر ان کے پاس آئے اور ان کی لال حویلی پر فلم بنانے کے لیے اجازت طلب کی لیکن دونوں بار ان کی درخواستوں کو ٹھکرا دیا۔
انہوں نے کہا کہ مہیش بھٹ لال حویلی پر لکھی گئی دھنراج کی کہانی پر فلم بنانا چاہتے تھے جس کی شوٹنگ لال حویلی میں ہی کرنی تھی، لیکن انہیں انکار کردیا۔ اس کے علاوہ اب تک جتنی بھی دستاویزی فلمیں لال حویلی پر بن چکی ہیں وہ بنانے والوں نے خود بنائی ہیں۔
شیخ رشید نے لال حویلی سے متعلق گردشی دعوؤں، جن کے مطابق لال حویلی 19 کنال پر محیط ہے، کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حویلی صرف پونے 3 مرلے پر محیط ہے، جس کی وصیت میں پہلے ہی لکھوا دیا ہے کہ ہمارے مرنے کے بعد اسے جامعات کے لیے وقف کر دیا جائے۔