• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شیڈول میں تبدیلی، پہلا سیمی فائنل کہاں ہو گا؟ وینیو سامنے آ گیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کا پہلا سیمی فائنل کہاں ہو گا؟ وینیو سامنے آ گیا۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے نومبر میں جاری کردہ شیڈول میں تبدیلی سامنے آئی ہے، اب پاکستان سیمی فائنل میں جائے یا نہیں اگر سری لنکا سیمی فائنل میں پہنچا تو پہلا سیمی فائنل بھارتی شہر کولکتہ میں نہیں بلکہ کولمبو میں ہو گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اگر سری لنکا آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کر لیتا ہے تو وہ مخصوص شرائط کے تحت اپنا سیمی فائنل ہوم گراؤنڈ پر کھیل سکتا ہے، تاہم یہ صورتِ حال دیگر ٹیموں کی کوالیفکیشن اور مقابل حریف پر منحصر ہو گی۔

اگر سری لنکا کا مقابلہ بھارت کے علاوہ کسی اور ٹیم سے ہوتا ہے اور پاکستان سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہتا ہے تو کولمبو کا کے آر پریماداسا اسٹیڈیم اس میچ کی میزبانی کرے گا۔

سپر ایٹ مرحلے کی لائن اپ مکمل ہونے کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھیجے گئے مراسلے میں آئی سی سی نے سیمی فائنلز کے انتظامات کی تفصیلات بیان کی ہیں، جن کے مطابق سیمی فائنل ون کا فلوٹنگ انتظام ہو گا اور یہ میچ کولمبو یا کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو وہ 4 مارچ کو کولمبو میں سیمی فائنل 1 کھیلے گا اور اگر پاکستان کوالیفائی نہیں کرتا لیکن سری لنکا کوالیفائی کر لیتا ہے اور اس کا مقابلہ بھارت کے علاوہ کسی اور ٹیم سے ہوتا ہے تو سری لنکا کولمبو میں پہلا سیمی فائنل کھیلے گا۔

آئی سی سی نے مزید واضح کیا ہے کہ اگر پاکستان اور سری لنکا سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام ہو گئے تو پہلا سیمی فائنل کولکتہ اور دوسرا سیمی فائنل ممبئی میں کھیلا جائے گا۔

بھارت اگر سیمی فائنل میں پہنچتا ہے تو وہ ممبئی میں کھیلے گا، چاہے اس کا مقابلہ کسی بھی ٹیم سے ہو، تاہم اگر بھارت اور پاکستان کا آمنا سامنا ہوتا ہے تو میچ کولمبو میں منعقد ہو گا۔

اگر بھارت، پاکستان اور سری لنکا میں سے کوئی بھی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکی تو سُپر ایٹ کے گروپ 1 کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کولکتہ میں گروپ 2 کی رنر اپ سے مقابلہ کرے گی، جبکہ گروپ 2 کی فاتح ٹیم ممبئی میں گروپ 1 کی رنر اپ سے ٹکرائے گی۔

سری لنکا اور پاکستان دونوں سُپر ایٹ کے گروپ 2 میں شامل ہیں، اس لیے ان دونوں کے درمیان سیمی فائنل ممکن نہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پیش رفت نومبر میں جاری کردہ شیڈول میں ایک تبدیلی یا کم از کم وضاحت سمجھی جا رہی ہے۔

اس اعلان میں پاکستان کے سیمی فائنل اور فائنل سری لنکا میں کھیلنے کی گنجائش رکھی گئی تھی، تاہم اس صورتِ حال کا ذکر نہیں تھا کہ اگر سری لنکا ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ جائے تو کیا ہو گا۔

اس اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ اگر پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو کولکتہ کی جگہ کولمبو کا آر پریماداسا اسٹیڈیم سیمی فائنل 1 کی میزبانی کرے گا، جبکہ اگر پاکستان فائنل تک پہنچتا ہے تو فائنل کا مقام احمد آباد سے منتقل کر کے کولمبو کر دیا جائے گا۔

مزید کہا گیا تھا کہ اگر بھارت اور پاکستان سیمی فائنل میں مدِمقابل آتے ہیں تو یہ میچ کولمبو میں ہو گا، جبکہ بھارت اگر کسی اور ٹیم کے خلاف کھیلے تو سیمی فائنل 2 ممبئی میں منعقد ہو گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید