• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترک صدر رجب طیب اردوان کی سوشل میڈیا کمپنیوں پر کڑی تنقید

ترک صدر رجب طیب اردوان ـــ فائل فوٹو
ترک صدر رجب طیب اردوان ـــ فائل فوٹو

ترک صدر رجب طیب اردوان نے فلسطینی عوام کی آوازوں کو دبانے کی کوشش کرنے پر سوشل میڈیا کمپنیوں پر شدید تنقید کی ہے۔

رجب طیب اردوان نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ہمیں ڈیجیٹل فاشزم کا سامنا ہے جو فلسطینی شہداء کی تصاویر تک کو برداشت نہیں کرسکتا اور ان پر بھی فوری پابندی لگا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ظلم کو چھپانے اور فلسطینی عوام کی آوازوں کو دبانے کے لیے ہر طرح کی کوشش کی جارہی ہے اور خاص طور پر سوشل میڈیا کمپنیاں عسکریت پسند بن چکی ہیں۔

کچھ روز قبل فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیتی پوسٹس ڈیلیٹ ہونے کے بعد ترکیہ نے ملک میں انسٹاگرام بلاک کردیا تھا۔

اس اقدام کے بعد ترکیہ سوشل میڈیا کمپنی انسٹاگرام سے بات چیت کر رہا ہے۔

اس حوالے سے میٹا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں انسٹاگرام بلاک ہونے کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ رابطے اور کاروباری افراد کو اپنے صارفین سے رابطے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی خدمات کو بحال کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ڈیٹا پلیٹ فارم اسٹیٹسٹا کی رپورٹ کے مطابق، صارفین کی تعداد کے حساب سے دنیا میں سب سے زیادہ انسٹاگرام استعمال کرنے والے ممالک کی فہرست میں ترکیہ، بھارت، امریکا، برازیل اور انڈونیشیا کے بعد پانچویں نمبر پر ہے۔

ترکیہ میں انسٹاگرام استعمال کرنے والوں کی تعداد 57 ملین سے زائد ہے۔


بین الاقوامی خبریں سے مزید