• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا روبوٹس اولمپکس مقابلے جیت سکتے ہیں؟ ترک شوٹر یوسف ڈیکیچ اور ایلون مسک کا دلچسپ مکالمہ

ـــ فائل فوٹو
ـــ فائل فوٹو

پیرس اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے ترک شوٹر یوسف ڈیکیچ نے دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔

یوسف ڈیکیچ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ایلون مسک سے ایک دلچسپ سوال پوچھا کہ’ہیلو ایلون، کیا آپ کو لگتا ہے کہ مستقبل کے روبوٹ اپنی جیب میں ہاتھ رکھ کر اولمپکس میں تمغے جیت سکتے ہیں؟‘

اُنہوں نے مزید لکھاکہ اس موضوع پر دو براعظموں کو آپس میں ملانے والے  ثقافتی دارالحکومت استنبول میں بحث کرنے کے بارے میں کیا خیال ہے؟

ایلون مسک نے یوسف ڈیکیچ کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ روبوٹس ہر انداز سے ہر بار بالکل درست نشانہ لگائیں گے‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ میں استنبول آنے کا منتظر ہوں، یہ دنیا کے عظیم شہروں میں سے ایک ہے‘۔

واضح رہے کہ51 سالہ یوسف ڈیکیچ اولمپکس میں دیگر شوٹرز کے برعکس خصوصی قسم کی ٹوپی (وائزر)، مخصوص چشمے، ہیڈ فونز، اور بلائینڈرز کے استعمال کے بغیر ہی اپنے ملک کے لیے چاندی کا تمغہ جیتنے پر سوشل میڈیا صارفین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

وہ نظر کے عام سے چشمے، کانوں میں عام سے ائیر بڈز لگائے اور اپنا ایک ہاتھ پینٹ کی جیب میں ڈالے اولمپکس مقابلے میں حصہ لینے کے لیے شوٹنگ رینج میں اترے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید