• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: جوہر موڑ کے قریب شہریوں کو قتل کرنیوالے ڈاکوؤں کے پل سے چھلانگ لگانے کی ویڈیو آ گئی


کراچی کے جوہر موڑ کے قریب ملینیم فلائی اوور پر پولیس مقابلے کی ویڈیو منظرِ عام پر آ گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش میں پل سے چھلانگ لگا دی، پل کے نیچے کھڑے شہریوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کیا۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہوا تھا۔

پولیس کی فائرنگ سے 1 ڈاکو ہلاک ہو گیا تھا جبکہ 2 کو گرفتار کیا گیا تھا۔

دوسری جانب گزشتہ روز راشد منہاس روڈ پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شخص کی میت کو اسلام آباد روانہ کر دیا گیا ہے، مقتول عبدالوحید اپنے بھائی سے ملنے کراچی آیا تھا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ایک سیکیورٹی گارڈ بھی جاں بحق ہوا تھا۔

ڈاکوؤں کی ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹنے کی کوشش

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ملینیئم مال کے قریب ڈاکوؤں نے ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹنے کی کوشش کی۔

موقع پر موجود افراد اور پولیس کی بروقت کارروائی سے رقم تو بچ گئی لیکن اس دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ اور ایک راہ گیر جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والا ڈاکو بھی دم توڑ گیا۔

مقامی بلڈر کا عملہ ڈیڑھ کروڑ روپے لے کر آرہا تھا کہ ملزمان نے فائرنگ کر دی جس سے گاڑی میں سوار سیکیورٹی گارڈ مبین جاں بحق ہو گیا۔

فائرنگ کی آواز سن کر گشت پر مامور پولیس اہلکار بھی فوری پہنچ گئے جنہوں نے ملزمان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس سے 2 ملزمان زخمی ہو گئے جبکہ 1 ڈاکو پولیس پر فائرنگ کرتا ہوا قریبی شاپنگ مال میں چلا گیا، موقع پر موجود شہریوں نے بھی ڈاکوؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

بلڈر کے عملے کا کہنا ہے کہ کیش دوسرے آفس منتقل کیا جا رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے رقم چھیننے کی کوشش کی، جاں بحق ہونے والا سیکیورٹی گارڈ کافی عرصے سے ان کے ساتھ کام کر رہا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان اس سے قبل بھی کئی وارداتیں کر چکے ہیں، انہوں نے گلستانِ جوہر میں بھی شہری کو ڈکیتی کے دوران قتل کر دیا تھا۔