فیصل آباد (نمائندہ جنگ) معروف صنعتکار سہیل پاشا پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے بلا مقابلہ چیئرمین جبکہ محمود احمد سینئر وائس چیئرمین اور امیر احمد وائس چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے دو سالہ مدت کیلئے ایگزیکٹو کمیٹی کے چوبیس اراکین بھی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ نتائج کا باقاعدہ اعلان 28 ستمبر کو پی ٹی ای اے کے سالانہ اجلاس عام میں کیا جائے گا جبکہ نو منتخب قیادت یکم اکتوبر سے اپنے عہدے کا چارج سنبھالے گی۔ پی ٹی ای اے الیکشن کمیشن کے رکن رانا جاوید اختر نے نتائج کا اعلان کیا،نومنتخب چیئرمین سہیل پاشا کا تعلق شہر کی معروف کاروباری فیملی سے ہے۔ وہ ایک ممتاز صنعتکار اور ٹیکسٹائل برآمدات میں وسیع تجربہ کی حامل شخصیت ہیں۔قبل ازیں بھی وہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔ مختلف سماجی وتعلیمی اداروں کے سرپرست بھی ہیں۔ نومنتخب سینئر وائس چیئرمین محمود احمد کراچی کے ایک معروف کاروباری گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ میں وسیع تجربہ کے حامل ہیں ۔