• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ اردو میں ملازمین کا احتجاج روکنے کیلئے انتظامیہ کا حکم نامہ جاری

وفاقی اردو یونیورسٹی میں تنخواہوں، پینشن اور ہاؤس سیلنگ سے متعلق ملازمین کے احتجاج اور برطرف ملازمین کے مظاہروں کو روکنے کے لیے قائم مقام رجسٹرار ثمرہ ضمیر نے دفتری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

جس میں کہا گیا ہے کہ حسب الحکم شیخ الجامعہ، وفاقی اردو یونیورسٹی کے جملہ ملازمین کو اپنے اپنے شعبہ جات / دفاتر میں فرائض منصبی لازمی انجام دینے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ 

جامعہ میں کسی ایسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہے جس سے تعلیمی ماحول متاثر ہو۔ جو ملازمین دفتری اوقات کار میں اپنے شعبہ جات دفاتر سے غیر حاضر رہے اور فرائض منصبی کے علاوہ کسی سرگرمی میں ملوث پائے گئے تو متعلقہ دن کی تنخواہ منہا کی جائے گی۔ 

طلبہ، حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے علاوہ غیر متعلقہ افراد کا جامعہ کی حدود میں داخلہ سخت ممنوع ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

کیمپس آفیسر غیر متعلقہ افراد کے جامعہ میں داخلہ کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کویقینی بنائیں۔ نچلے گریڈ کے غیر تدریسی ملازمین کے مطابق اب میڈیا کے بھی جامعہ اردو میں داخلے پر پابندی ہوگی۔

قومی خبریں سے مزید