• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ویلیو ایڈڈ پنک سالٹ برآمد سے اربوں کا زرمبادلہ حاصل کیا کریگا

اسلام آباد ( رپورٹ:حنیف خالد) پاکستان نے ویلیو ایڈڈ پنک سالٹ کی ایکسپورٹ کا اصولی فیصلہ کر لیا۔ اس فیصلے پر عملدرآمد کیلئے پاکستان پولینڈ کے بعد دنیا کی سب سے بڑی سالٹ مائن کھیوڑہ سے بہت جلد ویلیو ایڈیشن کے بغیر کئی عشروں سے کھیوڑہ کا پنک سالٹ ڈلوں اور بلاکس کی شکل میں برآمد کرنے پر پابندی لگا دی جائے گی اور صرف ویلیو ایڈیشن کے ساتھ کھیوڑہ پنک سالٹ (گلابی نمک) برآمد ہوا کریگا۔ یہ وطن دوست فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز نے اختتام ہفتہ پنجاب منرل ڈیویلپمنٹ کارپوریشن سے بریفنگ کے دوران کیا۔ 1947ء سے اب تک پاکستان بھارت کو مال گاڑیوں اور ٹرکوں میں راک پنک سالٹ آف کھیوڑہ برآمد کرتا چلا آ رہا ہے۔ 2016ء کے اعدادو شمار جو جنگ کو حاصل ہوئے ہیں اُس میں بھارت پاکستان کو کھیوڑہ سالٹ کی ادائیگی پاکستانی روپے کے حساب سے 2روپے 98پیسے فی کلو گرام کے حساب سے کرتا رہا مگر اسی کھیوڑہ راک پنک سالٹ کو ریفائن کر کے اور اسکی ویلیو ایشن کرنے کے بعد امریکہ‘ یورپ‘ مشرق وسطیٰ‘ خلیجی ممالک‘ ایشیاء‘ بحرالکاہل کے ملکوں کو 5ڈالر فی 200گرام کے ریٹ پر گلاس پیکنگ میں فروخت کر کے اربوں ڈالر کماتا چلا آ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز نے ہفتہ 14ستمبر کو بریفنگ سننے کے بعد اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بہت جلد پاکستان سے کھیوڑہ پنک سالٹ چٹان کی شکل میں برآمد کرنے پر پابندی لگوائیں گی اور ویلیو اایڈڈ پنک سالٹ کی پاکستان خود برآمد کیا کریگا۔ ایکسپورٹ ڈیٹا کے مطابق پاکستان نے مارچ 2023ء سے فروری 2024ء کے درمیان 3ہزار 755کھیوڑہ پنک سالٹ کی شپ منٹس برآمد کیں۔ یہ برآمدات 413پاکستانی ایکسپورٹرز نے دنیا کے مختلف ممالک میں موجود 1154خریدار کمپنیوں کو بھجوائیں۔ را فارم میں کھیوڑہ پنک سالٹ کی یہ ایکسپورٹ پچھلے 12مہینوں کے مقابلے میں 26فیصد اضافہ ہے۔ اس عرصے میں صرف فروری 2024ء میں پاکستان سے 346کھیوڑہ پنک سالٹ کی شپ منٹس برآمد کی گئیں۔
اہم خبریں سے مزید