کراچی/اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر/نیوز ایجنسیاں ) پاکستان میں ایک مرتبہ پھر پولیو کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا۔ نیشنل ای او سی نے بتایا کہ پاکستان میں 3 نئے پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رواں سال پاکستان میں پولیو کیسز کی کل تعداد 21 ہوگئی ہے۔ نیشنل ای او سی کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند، بلوچستان کے قلعہ عبداللہ اور کراچی کے ضلع کیماڑی میں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں 9 ماہ کی بچی جبکہ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں 15 ماہ کا بچہ اور کراچی کے ضلع کیماڑی میں ساڑھے 3 سال کا بچہ پولیو سے متاثر ہوا۔ دوسری جانب محکمہ صحت کے پی کے مطابق صافی کی 9 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، بچی کو صرف 2 بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے تھے۔وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کیس کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور پولیو کو آرڈینیٹر کو معطل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دیگر تمام اضلاع میں بھی انسداد پولیو مہم کی کوالٹی کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔